اسلام آباد ہائیکورٹ نے پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کی رہنما عالیہ حمزہ کی 15 دن کیلئے حفاظتی ضمانت منظور کرلی۔
عدالت عالیہ اسلام آباد میں عالیہ حمزہ کی حفاظتی ضمانت کی درخواستوں پر سماعت ہوئی، جسٹس میاں گل حسن اورنگزیب نے درخواستوں کی سماعت کی۔
اس دوران استدعا کی گئی کہ پی ٹی آئی کی خاتون رہنما کی 15 روزہ حفاظتی ضمانت منظور کی جائے، جسٹس میاں گل حسن اورنگزیب نے استفسار کیا کہ عالیہ حمزہ کتنے دن جیل میں رہیں؟
عالیہ حمزہ کے وکیل نے عدالت کو بتایا کہ انہوں نے 15 ماہ اور 6 دن جیل میں گزارے، اس پر جج نے سوال کیا کہ آپ کو کتنے دن چاہئیں؟
وکیل نے استدعا کی کہ ہمیں عالیہ حمزہ کی ضمانت 2 ہفتوں کےلیے دے دیں، عدالت عالیہ نے عالیہ حمزہ کی ضمانت منظور کی اور انہیں 15 دن بعد متعلقہ عدالتوں میں پیش ہونے کا حکم دیا۔