• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

بھارتی اداکار ناگرجنا کا 10 ایکڑ پر بنا کنونشن سینٹر مسمار کردیا گیا

فوٹو : بھارتی میڈیا
فوٹو : بھارتی میڈیا

بھارتی اداکار ناگرجنا کے 10 ایکڑ پر محیط این کنونشن سینٹر کو حیدرآباد میونسپل کارپوریشن نے مسمار کردیا۔

بھارتی میڈیا کے مطابق، حیدرآباد میونسپل کارپوریشن اتھارٹی کے احکامات پر ناگرجنا کے 10 ایکڑ کے این کنونشن سینٹر کو مسمار کرنے کا عمل شروع کیا گیا۔

رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ کنونشن سینٹر کو تجاوزات کی وجہ سے مسمار کیا جا رہا ہے اور یہ کارروائی مقامی حکام کی ہدایات پر کی جا رہی ہے۔

اداکار ناگرجنا پر الزام ہے کہ انہوں نے غیر قانونی طور پر یہ کنونشن سینٹر تعمیر کیا۔ شکایت میں کہا گیا ہے کہ اداکار نے تھمیدی کنٹا جھیل کے ایک حصے پر قبضہ کرکے اپنا این کنونشن سینٹر تعمیر کیا۔ شکایت موصول ہونے پر حیدرآباد میونسپل کارپوریشن کے حکام نے تحقیقات کا آغاز کیا۔

میڈیا رپورٹ کے مطابق اداکار کا این کنونشن سینٹر کئی سال سے تحقیقات کے دائرے میں تھا۔ سرکاری ریکارڈ کے مطابق، تھمیدی کنٹا جھیل کا رقبہ تقریباً 29.24 ایکڑ ہے، جبکہ اداکار نے مبینہ طور پر جھیل کے 1.12 ایکڑ اور بفر زون کی مزید 2 ایکڑ زمین پر قبضہ کرکے کنونشن سینٹر تعمیر کیا۔

رپورٹ میں یہ بھی ذکر کیا گیا کہ شکایت کنندہ بھاسکر ریڈی نے میونسپل کارپوریشن حکام سے مطالبہ کیا تھا کہ وہ اداکار کے خلاف کارروائی کریں اور جھیل کو بحال کریں۔

اس معاملے پر ابھی تک ناگرجنا کی طرف سے کوئی بیان جاری نہیں کیا گیا ہے۔

انٹرٹینمنٹ سے مزید