وفاقی حکومت نے سرکاری اداروں کو پیپرلیس کرنے کےلیے بڑا قدم اٹھالیا۔
وزیراعظم شہباز شریف نے سرکاری اداروں کو پیپرلیس (کاغذ سے آزاد) کرنے کا ٹاسک وزارت انفارمیشن ٹیکنالوجی (آئی ٹی) اور متعلقہ اداروں کو سونپ دیا۔
شہباز شریف نے ہدایت کی کہ ایک ماہ کے اندر تمام وفاقی سرکاری اداروں میں دفتری فائلز پر کام ای آفس کے ذریعے یقینی بنایا جائے۔
انہوں نے مزید کہا کہ آئندہ 2 ہفتوں میں ای آفس کے نفاذ سے متعلقہ پیشرفت رپورٹ پیش کی جائے۔
وزیراعظم نے کہا کہ وفاقی سرکاری دفاتر میں ای آفس کے نفاذ میں سست روی قبول نہیں، آئندہ ماہ سے کوئی بھی فائل ای آفس کے علاوہ نہیں دیکھوں گا۔
انہوں نے یہ بھی کہا کہ نظام میں شفافیت اور تیزی لانے کےلیے ای آفس کا نفاذ ترجیحات میں سے ایک ہے، یقینی بنایا جائے کہ تمام سرکاری دفاتر میں افسران ای آفس کے ذریعے فائلز بھیجیں۔
اعلامیے کے مطابق وزیراعظم آفس کے اسٹاف کی گزشتہ ہفتے ای آفس کی ٹریننگ مکمل کرلی گئی، شہباز شریف نے اس دوران بذات خود ای آفس پر فائلز موصول کیں۔
اُن کا کہنا تھا کہ ای آفس ڈیجیٹائزیشن کے فروغ اور گورننس کی بہتری کے لیے کلیدی اقدام ہے۔