• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

رین ایمرجنسی: مراد علی شاہ کی انتظامیہ کو ضروری اقدامات کی ہدایات

وزیرِ اعلیٰ سندھ مراد علی شاہ— فائل فوٹو
وزیرِ اعلیٰ سندھ مراد علی شاہ— فائل فوٹو 

وزیرِ اعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے بارشوں سے پہلے انتظامیہ اور بلدیاتی اداروں کو ضروری اقدامات مکمل کرنے کی ہدایات دے دیں۔

مراد علی شاہ کی زیرِ صدارت رین ایمرجنسی اجلاس میں صوبائی وزراء، شرجیل میمن، سعید غنی، جام خان شورو، میئرکراچی مرتضیٰ وہاب، میئر سکھر ارسلان شیخ، چیف سیکریٹری آصف حیدر شاہ و دیگر شریک ہوئے۔

میٹرولوجسٹ سردار سرفراز نے اجلاس میں وزیرِ اعلیٰ سندھ کو موسم کے حوالے سے بریفنگ دی۔

بریفنگ  میں آگاہ کیا گیا کہ سندھ میں آج بارش کا سسٹم داخل ہو گا جس کے تحت 31 اگست تک بارش جاری رہے گی، اس کے بعد بارش کا ایک اور سسٹم ستمبر کے پہلے ہفتے میں متوقع ہے، اِس نئے اسپیل سے کراچی میں 150 تا 200 ملی میٹرز بارش ہو سکتی ہے۔

بریفنگ میں بتایا گیا کہ ٹھٹہ، سجاول، میر پور خاص، سانگھڑ اور نواب شاہ میں 250 تا 300 ملی میٹرز، بدین، ٹنڈو محمد خان، تھر پار کر اور عمر کوٹ میں 500 ملی میٹرز جبکہ سندھ کے دیگر اضلاع میں 70 تا 100 ملی میٹرز بارش کا امکان ہے۔

بریفنگ میں مزید بتایا گیا کہ کیرتھر رینج پر بارش کے نتیجے میں دادو، قمبر، شہداد کوٹ، جیکب آباد اور جامشورو میں سیلابی صورتِحال ہو سکتی ہے۔

پی ڈی ایم اے کے ڈی جی سلمان شاہ نے بتایا کہ 28 اگست کو تیز بارش کی پیش گوئی کی گئی ہے۔

اجلاس میں مراد علی شاہ نے ماہی گیروں کے لیے محکمۂ فشریز کو ضروری ہدایات جاری کرنے، تمام ڈویژنل کمشنرز کو صورتِ حال کا جائزہ لے کر انتظامات کرنے، تمام بلدیاتی اداروں کو متحرک رہنے اور کراچی کے تمام نالوں کی نگرانی، نشیبی علاقوں میں نکاسیٔ آب کے لیے مشینری کا انتظام کرنے کی ہدایت دی۔

وزیرِ ری ہیبلیٹیشن مخدوم محبوب نے وزیرِ اعلیٰ سندھ کو بریفنگ دیتے ہوئے آگاہ کیا کہ امدادی سامان پی ڈی ایم اے کے اسٹاک میں موجود ہے۔

اُنہوں نے بتایا کہ امدادی سامان میں خیمے، ترپالیں، مچھردانیاں، پانی کے کولر، ہائیجینک کٹس اور جانوروں کی مچھر دانیاں شامل ہیں۔

وزیر بلدیات سعید غنی نے مراد علی شاہ کو آگاہ کیا کہ ٹاؤنز کو بھی نالوں کی صفائی کے لیے مشینری دی ہے۔

میئر کراچی مرتضیٰ وہاب نے وزیرِ اعلیٰ سندھ کو بتایا کہ کے ایم سی کے نالوں اور واٹر بورڈ کے نکاسی آب کا سسٹم بہتر کیا ہے۔

وزیر آبپاشی جام خان شورو نے مراد علی شاہ کو نہروں کی پوزیشن سے متعلق بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ بندوں پر بھی مشینری موجود ہے۔

سیکریٹری آبپاشی ظریف کھیڑو نے بتایا کہ حمل جھیل سے منچھر جھیل تک بندوں کی مضبوطی کا کام کر رہے ہیں۔

اُنہوں نے بتایا کہ منچھر جھیل سے حمل جھیل تک تمام کمزور مقامات کی نگرانی بھی جاری ہے۔

میٹرولوجسٹ سردار سرفراز نے وزیرِ اعلیٰ سندھ کو آگاہ کیا کہ کراچی میں 27 سے 31 اگست موسلا دھار بارش متوقع ہے، بارش کا دوسرا اسپیل ستمبر کے پہلے ہفتے میں شروع ہو گا، دوسرے اسپیل میں بھی کراچی میں بارشیں متوقع ہیں۔

قومی خبریں سے مزید