• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن
—فائل فوٹو
—فائل فوٹو

چیف میٹرولوجسٹ سردار سرفراز نے کہا ہے کہ آج رات سے کراچی میں شدید بارشوں کا امکان ہے۔

’جیو نیوز‘ سے گفتگو کرتے ہوئے سردار سرفراز نے کہا ہے کہ کراچی میں بارش کا سسلسہ آئندہ 3 سے 4 روز تک جاری رہے گا۔

انہوں نے بتایا کہ 28 اگست کے بعد مون سون کے سسٹم میں مزید شدت آنے کا امکان ہے اور 28 اگست کے بعد 150 ملی میٹر تک بارش ہو سکتی ہے۔

سردار سرفراز کا کہنا ہے کہ گزشتہ رات گلشنِ حدید میں 42 ملی میٹر اور ناظم آباد میں 26 ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی۔

چیف میٹرولوجسٹ نے بتایا کہ لاہور، راولپنڈی اور اسلام آباد میں آج شام اور کل صبح شدید بارش کا امکان ہے جبکہ بلوچستان کے مختلف علاقوں میں بھی بارش متوقع ہے۔

دوسری جانب محکمۂ موسمیات کا کہنا ہے کہ ہوا کا کم دباو ڈیپ ڈیپریشن کی صورت میں بھارتی گجرات میں ہے، سسٹم کے زیرِ اثر مون سون ہوائیں سندھ پر اثر انداز ہو رہی ہیں۔

محکمۂ موسمیات نے بتایا ہے کہ سسٹم کا مرکز 29 اگست کو بحیرۂ عرب میں آ سکتا ہے، کراچی میں آج وقفے وقفے سے گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ہے، شہرِ قائد میں 31 اگست تک موسلا دھار بارش متوقع ہے۔

بارش برسانے والا سسٹم بلوچستان کے مختلف علاقوں میں ہے، خضدار، قلات، لسبیلہ، آواران، نصیر آباد اور سبی میں گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ہے۔

محکمۂ موسمیات کا کہنا ہے کہ کوئٹہ، جعفرآباد، کوہلو، ہرنائی، ڈیرہ بگٹی، ژوب، زیارت، شیرانی اور قلعہ عبداللّٰہ، قلعہ سیف اللّٰہ، بارکھان، موسیٰ خیل، لورالائی، مستونگ اور بولان میں  بھی بارش کا امکان ہے۔

اس کے علاوہ جھل مگسی، کیچ، پنجگور اور گوادر میں بھی وقفے وقفے سے بارش متوقع ہے، موسلا دھار بارش سے نشیبی علاقے زیر آب آنے اور ندی نالوں میں طغیانی کا خدشہ ہے۔

قومی خبریں سے مزید