• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

حالیہ دہشتگردی میں 50 سے زائد شہری شہید ہوئے: وزیرِ اعظم

وزیرِ اعظم شہباز شریف کی زیرِ صدارت وفاقی کابینہ کا اجلاس—فائل فوٹو
وزیرِ اعظم شہباز شریف کی زیرِ صدارت وفاقی کابینہ کا اجلاس—فائل فوٹو

وزیر اعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ چند دنوں میں دہشت گردی کے اندوہناک واقعات ہوئے، حالیہ دہشت گردی میں 50 سے زائد شہری شہید ہوئے۔

وفاقی کابینہ کے اجلاس میں گفتگو کرتے ہوئے شہباز شریف نے کہا کہ حالیہ دہشت گردی میں سیکیورٹی فورسز کے اہلکار بھی شہید ہوئے۔

انہوں نے کہا کہ ڈیرہ اسماعیل اور کرک میں بھی بے گناہ لوگوں کو شہید کیا گیا، تحریک طالبان کے دہشت گرد افغانستان سے آپریٹ کرتے ہیں، دہشت گردوں کے خلاف مؤثر آپریشن ہوئے ہیں۔

شہباز شریف کا کہنا ہے کہ بلوچستان میں دہشت گردی کی جتنی مذمت کی جائے کم ہے، دہشت گرد سی پیک اور ترقی کے منصوبے روکنا چاہتے ہیں، دہشت گرد پاکستان اور چین کے درمیان فاصلے پیدا کرنا چاہتے ہیں۔

وزیرِ اعظم کا کہنا ہے کہ دہشت گردوں نے بس سے اتار کر لوگوں کو شہید کیا، دہشت گردی کو ختم کرنے کا وقت آ گیا ہے، جس کے لیے افواجِ پاکستان کو تمام وسائل مہیا کریں گے۔

انہوں نے کہا کہ بلوچستان میں دہشت گردی کا مقصد ملک میں خلفشار پیدا کرنا ہے، دہشت گردوں کے مذموم ارادے ناکام ہوں گے، خاک میں مل جائیں گے، ہمیں اپنے دشمنوں کو پہنچاننا ہو گا، دہشت گردوں کو شکست دینے کے لیے یکجا ہونا ہو گا۔

ان کا کہنا ہے کہ پاکستان کے آئین اور جھنڈے کو تسلیم کرنے والوں سے بات چیت کے راستے کھلے ہیں، دشمن کے ساتھ نہ بات چیت ہوسکتی ہے، نہ نرم رویہ اختیار کیا جاسکتا ہے، دہشت گردوں کے لیے کوئی جگہ نہیں ہے، کچھ بھی ہو جائے، دہشت گردوں کا مکمل خاتمہ ہو گا۔

شہباز شریف کا کہنا ہے کہ بہت جلد بلوچستان کا دورہ کروں گا اور صوبے کی صورتِ حال کا جائزہ لوں گا، دہشت گردوں کی غلط فہمی ہے کہ وہ بے گناہوں کو قتل کر کے اپنی دھاک بٹھا سکتے ہیں۔

اس سے قبل وفاقی کابینہ کے اجلاس کا 7 نکاتی ایجنڈا بھی جاری کیا گیا۔

اجلاس میں وفاقی کابینہ پی ڈبلیو ڈی کے امور کی منتقلی کا جائزہ لے گی اور بیرون ملک تزئین و آرائش کے کنونشن کا معاملہ زیرِ بحث آئے گا۔

وفاقی حکومت میں رائٹ سائزنگ کمیٹی کے پہلے مرحلے کی سفارشات پیش کی جائیں گی اور سی سی ایل سی اور ای سی سی اجلاسوں کے فیصلوں کی توثیق ایجنڈے میں شامل ہے۔

اجلاس میں ایل ڈی آئی آپریٹرز کے بقایاجات کی تفصیلی رپورٹ پیش کی جائے گی اور وفاقی کابینہ اقتصادی رابطہ کمیٹی کے 22 اگست کے فیصلوں کی توثیق کرے گی۔

وفاقی کابینہ ایک لاکھ میٹرک ٹن چینی کی برآمد اور آپریشن عزم استحکام کے لیے 20 ارب روپے کی منظوری دے گی۔

کابینہ ریکوڈک منصوبے کی سیکیورٹی کی مد میں ایف سی بلوچستان کے لیے ایک ارب 95 کروڑ روپے کی منظوری دے گی

قومی خبریں سے مزید