• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

لاپتہ افراد بازیابی کیس: تفتیشی افسر سے پیشرفت رپورٹ طلب

سندھ ہائی کورٹ—فائل فوٹو
سندھ ہائی کورٹ—فائل فوٹو 

سندھ ہائی کورٹ نے مختلف علاقوں سے لاپتہ ہونے والے افراد کی بازیابی سے متعلق دائر درخواستوں پر آئندہ سماعت پر پیش رفت رپورٹ طلب کر لی۔

سندھ ہائی کورٹ میں مختلف علاقوں سے لاپتہ ہونے والے افراد کی بازیابی سے متعلق دائر درخواستوں پر سماعت ہوئی۔

آج کی سماعت پر کارروائی کے لیے متعدد لاپتہ شہریوں کے اہلِ خانہ اور وکلاء عدالت میں پیش نہیں ہوئے۔

عدالت نے تفتیشی افسر سے استفسار کیا کہ شہریوں کی بازیابی کے لیے کیا اقدامات کیے ہیں؟

تفتیشی افسر نے عدالت کو بتایا کہ شہریوں کی بازیابی کے لیے ملک بھر کی ایجنسیوں کو خطوط بھیجے ہیں، جے آئی ٹی اور صوبائی ٹاسک فورس کے متعدد اجلاس ہو چکے ہیں۔

عدالت نے استفسار کیا کہ ڈسٹرکٹ ویسٹ سے لاپتہ شہری محمد یوسف کی بازیابی کے لیے کیا کارروائی کی؟

اس پر تفتیشی افسر نے بتایا کہ عدالتی حکم کے بعد جے آئی ٹی اجلاس منعقد کیا گیا، درخواست گزار کا جس نمبر سے لاپتہ شہری سے رابطہ ہوا وہ نمبر پولیس کو فراہم نہیں کیا جا رہا۔

سندھ ہائی کورٹ نے شہریوں کی بازیابی کے لیے کارروائی جاری رکھنے کا حکم دیتے ہوئے جے آئی ٹیز اور صوبائی ٹاسک فورس کے اجلاس کی ہدایت جاری کر دی۔

عدالت نے آئندہ سماعت پر تفتیشی افسر سے پیش رفت رپورٹ بھی طلب کر لی اور مزید سماعت 4 ہفتوں کے لیے ملتوی کر دی۔

قومی خبریں سے مزید