کوئٹہ (اسٹا ف رپورٹر) تربت یونیورسٹی کے وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر عبدالرزاق صابر نے کہا ہے کہ وفاقی و صوبائی حکومت،ہائر ایجوکیشن کمیشن، سول سوسائٹی کے تعاون اور گورنر بلوچستان کی سرپرستی میں تربت یونیورسٹی کی ایک مضبوط بنیاد رکھ دی گئی ہے اب تربت یونیورسٹی تحقیقی و تدریسی اور انتظامی شعبے میں ترقی کی طرف گامزن ہے ، زیر تعمیر یونیورسٹی کمپلیکس میں ترقیاتی کام تیزی سے جاری ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے تربت یونیورسٹی میں ایک اعلیٰ سطح کے جائزہ اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیا۔جلاس میں تربت یونیورسٹی کے رجسٹرار ڈاکٹر حنیف الرحمان، ڈائریکٹر فنانس غلام فاروق بلوچ، کنٹرولر امتحانات تنویر احمد، ڈائریکٹر پلاننگ محمد حیات بلوچ، ڈائریکٹر پبلک ریلیشنز اعجاز احمدبلوچ اور سی ایس او شاہ میر بلوچ کے علاوہ دیگر افسران نے شرکت کی۔اجلاس میں گورنر بلوچستان کی ہدایات کی روشنی میں پچھلے تین سال کے دوران یونیورسٹی کی مجموعی کارکردگی، تربت یونیورسٹی پروجیکٹ پرجاری کام کی رفتاراور ہونے والی پیش رفت، انتظامی و تدریسی معاملات اور مستقبل کی منصوبہ بندی کے علاوہ دیگر اہم امور اور چیلنجز کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔وائس چانسلر نے کہا کہ تربت یونیورسٹی نے تین سال کے لئے مقرر کردہ ہدف حاصل کر لئے ہیں جو کہ ایک خوش آئند بات ہے۔۔ انہوں امید ظاہر کی کہ ائندہ سال ہونے والی یونیورسٹیوں کے رینکنگ میں تربت یونیورسٹی پاکستان کی نئی اور ابھرتی ہوئی یونیورسٹیوں میں امتیازی مقام حاصل کرے گی۔مستقبل کی ترجیحات کا ذکر کرتے ہوئے انہوںنے کہاکہ تربت یونیورسٹی کو دسمبر 2016 تک اپنی نئی اور مستقل عمارت میں منتقل کرنے کا عمل شروع کیا جائے گااور نئے تعلیمی سال کا آغاز جنوری 2017میں نئی بلڈنگ میں کیا جائے گا۔