امریکی شہری نے 8 گھنٹوں میں تاش کے پتّوں سے 54 منزلہ گھر بنا کر نیا گینیز ورلڈ ریکارڈ قائم کر دیا۔
یہ ریکارڈ برائن برگ نامی مشہور امریکی کارڈ اسٹیکنگ آرٹسٹ اور آرکیٹیکٹ نے بنایا ہے۔
گینیز ورلڈ ریکارڈز نے فوٹو اینڈ ویڈیو شیئرنگ ایپ انسٹاگرام پر برائن برگ کی تاش کے پتّوں سے گھر بناتے ہوئے ویڈیو شیئر کی ہے۔
اس ویڈیو میں برائن برگ کو کسی بھی قسم کی گوند یا دھاگے وغیرہ کا استعمال کیے بغیر تاش کے پتّوں سے 54 منزلہ گھر بناتے ہوئے دیکھا جا سکتا ہے۔
مقررہ وقت کے اندر جب تاش کے پتّوں سے 54 منزلہ گھر بن جاتا ہے تو آخر میں برائن برگ اس گھر کے اوپر اپنا موبائل فون رکھ دیتے ہیں جس کے وزن سے یہ گھر گِر بھی سکتا تھا لیکن اسے اتنی مہارت سے بنایا گیا تھا کہ موبائل فون کے وزن سے بھی نہیں گِرا۔
گنیز ورلڈ ریکارڈز کی جانب سے یہ ویڈیو شیئر کرتے ہوئے کیپشن میں برائن برگ کو ان کے نئے ریکارڈ پر مبارک باد بھی دی گئی ہے۔
اس ویڈیو کو سوشل میڈیا صارفین کی جانب سے بہت پسند کیا جا رہا ہے اور امریکی آرکیٹیکٹ کی شاندار مہارت کی خوب تعریفیں بھی کی جا رہی ہیں۔