صدر اسلام آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری (آئی سی سی آئی) احسن ظفر بختاوری نے تاجروں کی شٹر ڈاؤن ہڑتال کی مکمل حمایت کا اعلان کیا ہے۔
صدر آئی سی سی آئی احسن ظفر بختاوری نے آئی پی پیز معاہدوں پر نظرثانی کرنے اور تاجر دوست اسکیم میں مزید اصلاحات کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ چیمبر آف کامرس ملک بھر کے لاکھوں تاجروں کے مطالبات کی حمایت کرتا ہے۔
احسن بختاوری نے کہا ہے کہ تاجر ملکی معیشت کے لیے ریڑھ کی ہڈی کی حیثیت رکھتے ہیں، ٹیکس نیٹ میں اضافہ بزنس کمیونٹی کا درینہ مطالبہ ہے۔
احسن بختاوری کا کہنا ہے کہ اصلاحات کے نام پر تاجروں کو ہراساں کرنا کسی صورت قابل قبول نہیں، آئی پی پیز کے موجودہ معاہدے معیشت کے لیے تباہ کن ہیں۔
انہوں نے مطالبہ کیا ہے کہ کپیسٹی پیمنٹس کے مسائل کو حل کیے بغیر توانائی بحران ختم نہیں ہو سکتا، حکومت بزنس کمیونٹی کے ساتھ بیٹھے اور تاجر دوست اسکیم سمیت قابل عمل اقدامات اور اصلاحات کو نافذ کرے۔
یاد رہے کہ بجلی کے بھاری بلوں، ٹیکسز اور مہنگائی کے خلاف جماعتِ اسلامی کی اپیل پر آج ہڑتال کی جا رہی ہے۔
اس موقع پر ملک کے چھوٹے بڑے شہروں میں کاروبارِ زندگی معطل، بازار اور دکانیں بند ہیں۔
تاجر تنظیموں نے بھی آج کی ملک گیر ہڑتال کی حمایت کا اعلان کیا ہے۔