• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

گورنر کی عدم موجودگی پر خیبرپختونخوا کابینہ میں مزید تقرریاں رک گئیں

---فائل فوٹو
---فائل فوٹو 

خیبر پختون خوا کے گورنر فیصل کریم کنڈی کی عدم موجودگی پر کابینہ میں توسیع اور رد و بدل سمیت مزید تقرریاں رک گئیں۔

سرکاری ذرائع کے مطابق وزیر اعلیٰ کے پی، علی امین گنڈا پور نے ایک مشیر اور چار معاونین خصوصی کی تقرری کی سمری گورنر کو بھیجی تھی، 26 اگست کو گورنر کو سمری موصول ہوئی تھی، گورنر نے تاحال سمری پر دستخط نہیں کیے۔

سرکاری ذرائع کا کہنا ہے کہ گورنر گزشتہ ایک ہفتے سے شہر سے باہر ہیں۔

ذرائع کے مطابق کے پی کابینہ کے رکن احتشام علی کو مشیر، پیر مصور غازی کو معاون خصوصی بنایا جائے گا جبکہ سہیل آفریدی، نیک محمد اور ہمایوں خان کے نام بھی سمری میں بطور معاونینِ خصوصی شامل ہیں۔

دوسری جانب وزیرِ قانون آفتاب عالم نے ’جیو نیوز‘ سے گفتگو کے دوران گورنر کے پی پر تنقید کرتے ہوئے کہا ہے کہ گورنر کے پاس سمری گئی ہے، گورنر موجود نہیں، گورنر اپنی آئینی ذمے داری چھوڑ کر سیاست کرنے میں لگے ہیں،  گورنر ریاستی امور کو نقصان پہنچا رہے ہیں، گورنر کے پی کے اپنا کام چھوڑ کر ٹاک شوز میں تجزیے کرتے ہیں۔

قومی خبریں سے مزید