قومی کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان مصباح الحق نے کہا ہے کہ دنیا کی کرکٹ کے ساتھ چلنا ہے تو اسٹرائیک ریٹ پر کام کرنا ہوگا۔
چیمپئنز وے ڈے کپ میں وولوز کے مینٹور مقرر کیےگئے مصباح الحق نے اپنی ٹیم کے لوگو کی رونمائی کی۔
اس موقع پر انہوں نے پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کا شکریہ ادا کیا کہ انہیں کام کرنے کا موقع دیا۔
مصباح الحق نے مزید کہا کہ وولوز کےساتھ تعلق رہا ہے، دوبارہ کام کرنے کا منتظر ہوں، کوشش ہے ڈومیسٹک کرکٹرز کو انٹرنیشنل معیار کا تیار کرنا ہے۔
انہوں نے کہا کہ کھلاڑیوں کے معیار کو بڑھانا ہے، انڈر 19 اور ویمن ٹیموں کو بھی دیکھنا اور گروم کرنا ہے، کسی کھلاڑی کو ایک فارمیٹ تک محدود نہیں کریں گے۔
قومی ٹیم کے سابق کپتان نے یہ بھی کہا کہ دنیا کی کرکٹ کے ساتھ چلنا ہے تو اسٹرائیک ریٹ پر کام کرنا ہوگا، اب تو ٹیسٹ کرکٹ میں 4 سے 5 رنز فی اوور بن رہے ہیں۔
اُن کا کہنا تھا کہ ہمارا وژن یہی ہے کہ ڈومیسٹک، انٹرنیشنل کے گیپ کو کم کرنا ہے، سلیکٹرز نے کھلاڑیوں کا پول بنایا ہے۔
مصباح الحق نے کہا کہ 3 سال کی کارکردگی کو دیکھا گیا ہے، فٹنس ٹیسٹ ہو رہے ہیں، اس کےلیے معیار بنایا گیا ہے، جو فٹنس کے معیار پر پورا اترے گا، وہی کھیلے گا۔
انہوں نے کہا کہ بنگلادیش کے پاس تسلسل کے ساتھ اسپیڈ سے بولنگ کرنے والے بولرز ہیں، ہمیں بھی ایسے بولرز دیکھنے ہیں یہ ایک چیلنج ہے۔
سابق کپتان نے کہا کہ ان ایونٹس سے بولرز تلاش کرنے میں مدد ملے گی، چیمپئنز ایونٹس میں پرفارم کرنے والوں کو موقع ملے گا، 30 کھلاڑی سارا سال ہمارے ساتھ رہیں گے۔