پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے سینئر رہنما اور سابق اسپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر نے کہا ہے کہ پارٹی سسٹم کے تحت اندرونی معاملات حل کر رہے ہیں۔
جیو نیوز کے پروگرام ’نیا پاکستان‘ میں گفتگو کے دوران اسد قیصر نے کہا کہ حکومت کے پاس مینڈیٹ نہیں، اسے جعلی تصور کرتے ہیں، جو بات ہوگی وہ تحفظ پاکستان اتحاد کے تحت ہوگی۔
انہوں نے کہا کہ اپوزیشن اتحاد کے سربراہ محمود خان اچکزئی ہیں، وہ اگر کوئی سیاسی انگیج منٹ کرتے ہیں تو ہمیں کوئی اعتراض نہیں ہوگا۔
اسد قیصر نے مزید کہا کہ دیکھیں گے بات چیت کا ایجنڈ اکیا ہے اور پھر مشاورت کریں گے، کل محمود اچکزئی سے ملاقات میں تفصیلات معلوم کروں گا۔
اُن کا کہنا تھا کہ بلوچستان کی صورتحال پر تشویش ہے، اداروں کو سیاست سے الگ رکھنا چاہیے، انہیں اس میں گھسیٹنا غلط ہوگا۔
پی ٹی آئی رہنما نے یہ بھی کہا کہ غریب کےلیے دو وقت کی روٹی ممکن نہیں، ملک انارکی کی طرف جا رہا ہے، ایسے میں کون حکومت کے ساتھ بیٹھے گا؟
انہوں نے کہا کہ حکومت کے نزدیک جو جائے گا وہ سیاست میں اپنا نقصان کرے گا۔ پوچھتا ہوں کسی کے حق پر ڈاکا ڈالنا کون سی جمہوریت ہے؟
اسد قیصر کا کہنا تھا کہ پارٹی اپنے سسٹم کے تحت پارٹی کے اندرونی معاملات حل کر رہی ہے۔