• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

اے این ایف کی کارروائیاں: 12 کروڑ روپے کی منشیات برآمد، 9 ملزمان گرفتار

جنگ فوٹو
جنگ فوٹو

اینٹی نارکوٹکس فورس (اے این ایف) کی جانب سے ملک بھر، خاص کر تعلیمی اداروں کے اِرد گِرد منشیات کی اسمگلنگ کے خلاف کریک ڈاؤن کا سلسلہ جاری ہے۔

اے این ایف کے ترجمان کے مطابق 24 گھنٹوں کے دوران 8 کارروائیوں میں 12 کروڑ روپے مالیت کی 456 کلو منشیات برآمد جبکہ 9 ملزمان کو گرفتار کر لیا۔

اے این ایف نے کامیابی کے ساتھ تعلیمی اداروں کے گرد منشیات برآمد کی اور منشیات کے غیر قانونی کاروبار میں ملوث متعدد افراد کو گرفتار کیا۔

اے این ایف کے ترجمان کا کہنا ہے کہ پشاور میں یونیورسٹی کے قریب دو کارروائیوں میں دو ملزمان سے 1.6 کلو گرام چرس، اسلام آباد میں یونیورسٹی کے قریب ملزم سے 500 گرام افیون برآمد کی گئی ہے۔

تعلیمی اداروں کے قریب یہ کارروائیاں نوجوانوں کو منشیات اسمگلروں کا شکار ہونے سے بچانے کے لیے اہم نوعیت کی ہیں جو اکثر طالب علموں سمیت کمزور آبادیوں کو نشانہ بناتے ہیں۔

تعلیمی اداروں کے ساتھ ساتھ اے این ایف نے متعدد کارروائیاں کیں جن میں قلعہ عبداللّٰہ سے 175 کلو چرس، گرین ٹاؤن کنگنی سیالکوٹ روڈ کے قریب تین ملزمان سے 40 کلو افیون اور 164 کلو چرس، چمن سے 52 کلو ہیروئین، شمالی بائی پاس پشاور کے قریب گاڑی سے 17 کلو آئس برآمد کر کے 2 ملزمان کو گرفتار کر لیا۔

اسی طرح کنال روڈ لاہور کینٹ کے قریب سے بھی ملزم سے 6 کلو چرس برآمد کی گئی۔

اے این ایف کے ترجمان کے مطابق گرفتار ملزمان کے خلاف انسدادِ منشیات ایکٹ کے تحت مقدمات درج کر کے تحقیقات کا آغاز کر دیا گیا ہے۔

ترجمان کا یہ بھی کہنا ہے کہ اے این ایف کی کوششیں نوجوانوں کے لیے منشیات سے پاک ماحول کو یقینی بنانے اور ایک محفوظ اور صحت مند معاشرے کے فروغ کے لیے اِن کے عزم کو اجاگر کرتی ہیں۔

قومی خبریں سے مزید