• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

خلیج بنگال سے ہوائیں آج داخل ہونگی، 4 ستمبر تک بارش کی پیشگوئی

—فائل فوٹو
—فائل فوٹو

ملک میں خلیج بنگال سے ہوائیں آج داخل ہوں گی، 4 ستمبر تک بارش کی پیش گوئی کی گئی ہے۔

محکمۂ موسمیات کے مطابق آج سے خلیج بنگال سے ہوائیں ملک کے مختلف علاقوں میں داخل ہوں گی۔

اسلام آباد، لاہور، پشاور، کوئٹہ، آزاد کشمیر اور گلگت بلتستان سمیت مختلف علاقوں میں بارشوں کا امکان ہے۔

خیبرپختونخوا میں آج اور کل موسلادھار بارشیں متوقع ہیںِ، جس کی وجہ سے مختلف علاقوں میں سیلاب اور لینڈ سلائیڈنگ کا خدشہ ہے۔

کراچی میں 4 ستمبر کو ہلکی اور تیز بارش کا امکان

چیف میٹرولوجسٹ سردار سرفراز کا کہنا ہے کہ 3 سے 4 ستمبر کو تھرپارکر سے حیدرآباد، ٹھٹہ تک بارش ہو سکتی ہے جبکہ کراچی میں بھی 4 ستمبر کو ہلکی اور تیز بارش کا امکان ہے۔

دوسری جانب پی ڈی ایم اے کے ترجمان کا کہنا ہے کہ  آئندہ 24 گھنٹوں میں پنجاب کے بیشتر اضلاع میں بارشوں کا امکان ہے، مون سون بارشوں کا اسپیل 4 ستمبر تک جاری رہنے کی پیش گوئی ہے۔

ترجمان نے بتایا کہ راولپنڈی، اٹک ، چکوال، جہلم ، منڈی بہاؤالدین، گجرات، گوجرانولہ، خوشاب، سرگودھا، میانوالی، چنیوٹ، قصور، نارووال، ساہیوال، ٹوبہ ٹیک سنگھ، فیصل آباد، جھنگ، بہاولپور، بہاولنگر  اور خان پور میں بارش کا امکان ہے۔

اس کے علاوہ ڈیرہ غازی خان، ملتان، لیہ، راجن پور اور رحیم یار خان میں بھی بارشیں متوقع ہیں۔

’’پنجاب کے دریاؤں میں سیلاب کا کوئی خطرہ نہیں‘‘

اس حوالے سے ڈی جی پی ڈی ایم اے عرفان کاٹھیا کا کہنا ہے کہ پنجاب کے تمام دریاؤں اور ندی نالوں میں پانی کا بہاؤ نارمل سطح پر ہے، دریائے سندھ، چناب، راوی، جہلم اور ستلج میں پانی کا بہاؤ نارمل لیول پر ہے۔

عرفان کاٹھیا کا کہنا ہے کہ راجن پور اور ڈیرہ غازی خان ہل ٹورنٹس میں بھی نارمل صورتِ حال ہے، منگلا ڈیم میں پانی کی سطح 79 فیصد جبکہ تربیلا ڈیم میں 100 فیصد ہے ، پنجاب کے دریاؤں میں فی الحال سیلاب کا کوئی خطرہ نہیں۔

’’لاہور میں بارشوں کا نیا سلسلہ آج رات سے شروع ہو گا‘‘

دوسری جانب چیف میٹرولوجسٹ شاہد عباس کا کہنا ہے کہ لاہور میں بارشوں کا نیا سلسلہ آج رات سے شروع ہو گا، بارشوں سے گرمی کی شدت میں واضح کمی ہو گی۔

انہوں نے بتایا کہ رات کو موسم کافی حد تک بہتر ہونا شروع ہو جائے گا، ہوا میں نمی کا تناسب بھی کم ہو جائے گا۔

قومی خبریں سے مزید