صوبۂ پنجاب کے ضلع حافظ آباد کے علاقے اسد اللّٰہ پور میں 20 سے زائد ملزمان نے شہری کے گھر پر حملہ کر دیا، سامان لوٹ کر گھر کو آگ لگا دی۔
پولیس کے مطابق مشتعل ہجوم نے گھر لوٹنے کے بعد کرین سے گھر گرا دیا، گھر پر حملے، لوٹ مار اور عمارت گرانے کا مقدمہ درج کر لیا گیا ہے۔
مقدمے کے متن کے مطابق حملہ آوروں نے 10 لاکھ روپے، 20 تولہ زیورات لوٹنے کے بعد گھر کو آگ لگائی اور گھر گرا دیا۔
دوسری جانب مدعیہ سمعیہ منیر کا کہنا ہے کہ شوہر اوورسیز پاکستانی ہے جو عرصۂ دراز سے بیرونِ ملک مقیم ہے، ملزمان کو اپنے رشتے دار کے قتل میں مبینہ معاونت پر اس سے رنجش تھی۔
پولیس کا کہنا ہے کہ واقعہ 3 دن قبل پیش آیا، واقعے کے ملزمان فرار ہیں جنہیں جَلد گرفتار کر لیا جائے گا۔