• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

چیمپیئنز ٹرافی: ہربجھن سنگھ نے بھارتی ٹیم کے پاکستان آنے کیلئے شرط رکھ دی

سابق بھارتی کرکٹر و راجیہ سبھا کے رکن ہربھجن سنگھ---فائل فوٹو
سابق بھارتی کرکٹر و راجیہ سبھا کے رکن ہربھجن سنگھ---فائل فوٹو 

سابق بھارتی کرکٹر ہربجھن سنگھ نے چیمپیئنز ٹرافی 2025ء کے لیے بھارتی ٹیم کی پاکستان آمد کے لیے شرط رکھ دی۔

بھارت کے سابق اسپنر ہربھجن سنگھ نے کہا ہے کہ بھارت کو صرف ایک شرط پر پاکستان کا سفر کرنا چاہیے۔

بھارتی ویب سائٹ ’ٹائمز ناؤ‘ کی ایک رپورٹ کے مطابق ’اسپورٹس ٹاک‘ سے گفتگو کے دوران ہربھجن سنگھ نے کہا ہے کہ اگر بھارتی ٹیم کو پاکستان میں اعلیٰ میعار کی سیکیورٹی فراہمی کی یقین دہانی کروائی جاتی ہے تو بھارتی ٹیم کو پاکستان جانا چاہیے۔

ہربھجن سنگھ نے اپنے تازہ بیان میں کہا ہے کہ اگر بھارتی ٹیم کی سیکیورٹی کو  یقینی نہیں بنایا گیا تو ٹیم کو پاکستان نہیں جانا چاہیے، اگر پاکستانی حکام اس بات کی یقین دہانی کرواتے ہیں کہ ٹیموں کو مکمل طور تحفظ اور سیکیورٹی فراہم کی جائے گی تو بھارتی حکومت کو بھی پھر ٹیم کو پاکستان بھیجنے سے متعلق سوچنا چاہیے۔

انہوں نے مزید کہا کہ ایک کرکٹر کے طور پر میں کہہ سکتا ہوں کہ اگر آپ کرکٹ کھیلنا چاہتے ہیں تو کھیلیں لیکن سیکیورٹی کا مسئلہ ہمیشہ موجود رہتا ہے اور کھلاڑیوں کو اس وقت تک وہاں نہیں جانا چاہیے جب تک سیکیورٹی کی ضمانت نہیں دی جاتی۔

آئی سی سی چیمپئنز ٹرافی 2025ء آئندہ سال فروری میں پاکستان میں منعقد ہو گی۔

1996ء کے بعد یہ پہلا موقع ہے کہ پاکستان کسی آئی سی سی ٹورنامنٹ کی میزبانی کر رہا ہے۔

یاد رہے کہ ہندوستان نے آخری بار ایشیاء کپ کے لیے 2008ء میں پاکستان کا دورہ کیا تھا۔

حال ہی میں بھارتی میڈیا کی جانب سے متعدد رپورٹس سامنے آ چکی ہیں جن میں یہ دعویٰ کیا جا رہا ہے کہ بھارت کشیدہ سیاسی تعلقات و صورتِ حال کی وجہ سے پاکستان آنا نہیں چاہتا۔

دوسری جانب چیمپئنز ٹرافی 2025ء سے متعلق ہربھجن سنگھ کا ماضی میں دیا گیا ایک اور انٹرویو بھی وائرل ہے۔

اس انٹرویو میں بھارتی کرکٹر نے کہا تھا کہ اگر ہمارے کھلاڑی پاکستان میں محفوظ نہیں ہیں تو ہم ٹیم پاکستان نہیں بھیجیں گے، اگر ہمارے کھلاڑی کھیلنا چاہتے ہیں تو کھیلیں، اگر نہیں کھیلنا چاہتے تو اُنہیں مجبور نہیں کرنا چاہیے، بھارتی کرکٹ پاکستان میں کھیلے بغیر بھی زندہ رہ سکتی ہے۔

کھیلوں کی خبریں سے مزید