• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

منشیات سے متعلق چیزیں پان کی دکانوں اور بڑے اسٹورز پر دستیاب ہیں: شرجیل انعام میمن

صوبائی وزیر برائے سندھ شرجیل انعام میمن---فائل فوٹو
صوبائی وزیر برائے سندھ شرجیل انعام میمن---فائل فوٹو 

سندھ کے سینئر وزیر شرجیل انعام میمن نے کہا ہے کہ سندھ حکومت اپنے کیے گئے وعدوں پر عمل کروا رہی ہے، عوام کو ایک دو ماہ کے لیے نہیں زندگی بھر کا ریلیف دے رہے ہیں۔

سندھ اسمبلی کے اجلاس کے دوران شرجیل انعام میمن نے اظہارِ خیال کرتے ہوئے کہا کہ سندھ حکومت نے بارشوں کی وارننگ ملتے ہیں تیاریاں شروع کیں، سب سے زیادہ بارشیں ضلع بدین میں ہوئی۔

شرجیل انعام میمن نے کہا ہے کہ مون سون کے پیشِ نظر وزیرِ اعلیٰ سندھ نے خود سندھ بھر کے دورے کیے، الحمدلِلّٰہ بارشوں سے سندھ میں بڑا نقصان نہیں ہوا۔

انہوں نے کہا کہ محکمٔہ توانائی کی جانب سے 2 لاکھ گھرانوں کو سولر دیے جا رہے ہیں، دوسرے فیز میں 5 لاکھ افراد کو سولر دیے جائیں گے

شرجیل انعام میمن کا کہنا ہے کہ سندھ حکومت کراچی میں ای وی ٹیکسی سروس شروع کر رہی ہے، ای وی سروس پاکستان کی تاریخ میں پہلی بار شروع کی جا رہی ہے، اس سے لوگوں کو روزگار بھی ملےگا اور سہولت بھی۔

انہوں نے کہا کہ آئی ٹی کے لیے 10 ہزار نوجوانوں کو تربیت فراہم کی جا رہی ہے، سندھ حکومت بڑے چیلنجز کا سامنا خندہ پیشانی سے کر رہی ہے۔

صوبائی اسمبلی میں انسدادِ منشیات کی مہم سے متعلق بات کرتے ہوئے سندھ کے وزیر نے کہا کہ منشیات پر زیرو ٹالرنس کا وقت آ گیا ہے، منشیات کے خلاف آصف زرداری کی ہدایات پر ایکشن لیا جا رہا ہے، منشیات فروشی کے خلاف کارروائیاں جاری ہیں، کوئی رعایت نہیں دی جائے گی۔

شرجیل انعام میمن نے مزید کہا کہ  منشیات سے متعلق چیزیں پان کی دکانوں پر ملتی تھی، پاکستان کے تمام بڑے اسٹورز پر یہ سامان دستیاب ہے، سندھ حکومت نےان جگہوں پر ایکشن لینا شروع کر دیا ہے، کمشنر کراچی کو پابندی لگانے کا حکم دیا ہے۔

سینئر وزیرِ سندھ  کا یہ بھی کہنا ہے کہ یہ چیزیں امپورٹ نہیں ہوتی بلکہ اسمگل ہو کر پہنچتی ہیں، سوسائٹی کا سب سے بڑا مسئلہ منشیات ہے، جرائم کے زیادہ واقعات میں ملوث افراد زیادہ تر نشے کے عادی ہیں، سندھ کا ہر رکن اسمبلی اپنے آپ کو وزیر ایکسائز سمجھے، جہاں منشیات فروخت ہو نشاندہی کریں ایکسائز پولیس آپ کے ساتھ ہے۔

قومی خبریں سے مزید