لاہور نمائندہ خصو صی) امیر جماعت اسلامی پاکستان سینیٹر سراج الحق نے وزیر اعظم سے مطالبہ کیا ہے کہ قومی قیادت کا فوری اجلاس بلا کر دہشت گردی کے خلاف قومی ایکشن پلان کی طرح کشمیر کے متعلق قومی پالیسی کا اعلان کریں اور تمام سیاسی جماعتوں کے نمائندہ وفود بنا کراسلامی ،یورپی اور مغربی ممالک میں بھیجے جائیں تاکہ کشمیر پر عالمی رائے عامہ ہموار کی جائے،31جولائی کو لاہور سے واہگہ تک آزادی کشمیر مارچ کیا جائے گا،کشمیر یوں کے قتل عام پر حکومت کی طرف سے قومی امنگوں کے مطابق ردعمل دیکھنے میں نہیں آیا، عالمی برادری کشمیر پر دوایٹمی قوتوںکے ٹکرائو سے بچنے اور علاقائی امن کیلئے اقوام متحدہ کی قرارد ادوں کے مطابق کشمیریوں کو حق خود ارادیت دلائے ۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے جامع مسجد منصورہ میں جمعہ کے بڑے اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔امیر جماعت اسلامی سینیٹر سراج الحق کی اپیل پر کشمیریوں پر بھارتی مظالم کے خلاف ملک بھر میں یوم سیاہ منایا گیا اور کشمیری مسلمانوں کے ساتھ اظہار یکجہتی کیا گیا۔ سینیٹر سراج الحق نے کہا کہ بھارتی قابض فوج کشمیر کی تحریک آزادی کو کچلنے کیلئے ظلم و جبر اور تشدد کے نت نئے حربے آزما رہی ہے ۔نوجوانوں اور بچوں کی آنکھوں میں ربڑ کی گولیاں مار کران سے آنکھوں کی روشنی چھینی جارہی ہے ،گزشتہ ایک ہفتہ میں چالیس سے زیادہ لوگوں کو شہید جبکہ دوہزار سے زیادہ کو زخمی کردیا گیا ہے جن میں سے درجنوں زخمی زندگی اور موت کی کشمکش میں مبتلا ہیں ۔ ظلم کی انتہا ہے کہ بھارتی فورسز ہسپتالوں میں جاکر زخمیوں کو زدو کوب کررہی ہیںاور بچو ں اور خواتین پر بھی تشدد کیا جارہاہے ۔انہوں نے کہا کہ پاکستانی حکمرانوں کی ذمہ داری تھی کہ وہ عالمی برادری کو بھارت کے ان وحشیانہ مظالم سے آگاہ کرتی اور کشمیریوں کو ان کا حق خود ارادیت دلانے کیلئے عالمی رائے عامہ ہموار کرتی مگر حکمران معذرت خواہانہ بیانات سے آگے نہیں بڑھ سکے ۔سینیٹر سراج الحق نے مطالبہ کیا کہ حکومت فوری طور پر بھارت سے تعلقات ختم کرے اور کھل کر کشمیری عوام کا ساتھ دے ۔انہوں نے کہا کہ پوری پاکستانی قوم کشمیری عوام کی پشت پر کھڑی ہے، اسلئے حزب اقتدار اور حزب اختلاف دونوں کو اپنا فرض نبھاتے ہوئے قوم کی رہنمائی کرنی چاہئے ۔سینیٹر سراج الحق نے کہا کہ موجودہ حکمرانوں کی موجودگی میں پاکستان میں استحکام اور ترقی و خوشحالی ممکن نہیں ۔سود اور رشوت خور حکمران ملک میں اسلامی نظام کے راستے میں سب سے بڑی رکاوٹ ہیں ۔ملک میں غربت و افلاس اور عوام کی محرومیوں کی اصل وجہ کرپشن ہے اگر کرپشن کا خاتمہ ہوجائے تو عوام کو تعلیم صحت کی مفت سہولتیں مہیا ہوسکتی ہیں اور کوئی شہری چھت سے محروم نہیں رہ سکتا ۔انہوں نے کہا کہ جماعت اسلامی کی کرپشن فری پاکستان تحریک ہر پاکستانی کے دل کی آواز بن گئی ہے اور کراچی سے چترال تک عوام جوق در جوق اس تحریک میں شامل ہورہے ہیں ۔انہوں نے کہا کہ 68سال سے ملک پر انگریز کے پروردہ سیکولر حکمران مسلط ہیں جو عوام کو زندگی کی بنیادی سہولتوں سے محروم رکھ کر قومی خزانے کو اپنے عیش و آرام پر خرچ کررہے ہیں ۔انہوں نے کہا کہ حکمرانوں کے ظلم و جبر کے ستائے عوام اب زیادہ دیر خاموش نہیں رہیں گے ،ملک میں اسلامی انقلاب ناگزیر ہے تاکہ عوام کو ان کے چھینے گئے حقوق واپس دلائے جاسکیں ۔انہوں نے کہا کہ جماعت اسلامی پانامہ لیکس کے معاملے کو اس کے منطقی انجام تک پہنچائے گی اور کسی کو احتساب سے بھاگنے کا موقع نہیں مل سکے گا۔