چیف میٹرولوجسٹ سردار سرفراز کا کہنا ہے کہ تھرپارکر میں گزشتہ روز سے ہلکی بارش شروع ہوئی ہے، کل مون سون ہوائیں حیدرآباد تک پہنچیں گی۔
جیو نیوز سے گفتگو کرتے ہوئے سردار سرفراز نے کہا کہ کراچی میں صرف کل ہلکی سے درمیانی شدت کی بارش کا امکان ہے جبکہ مضافاتی علاقوں میں تیز بارش ہوسکتی ہے۔
چیف میٹرولوجسٹ کا کہنا ہے کہ کراچی میں آئندہ آنے والے دنوں میں موسم گرم رہنے کا امکان ہے، ستمبر میں درجۂ حرارت میں ایک ڈگری اضافہ ہوتا ہے۔
سردار سرفراز نے کہا کہ ستمبر کا اوسط درجۂ حرارت 33.5 ڈگری سینٹی گریڈ ہوتا ہے۔
دوسری جانب محکمۂ موسمیات کا کہنا ہے کہ کراچی میں 24 گھنٹوں کے دوران مطلع جزوی ابرآلود اور موسم مرطوب رہنے کا امکان ہے۔
کراچی میں کم سے کم درجۂ حرارت 25.5 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ ہوا۔
شہرِ قائد میں زیادہ سے زیادہ درجۂ حرارت 32 سے 34 ڈگری سینٹی گریڈ تک رہنے کا امکان ہے۔
محکمۂ موسمیات کا کہنا ہے کہ کراچی میں مغرب سے ہلکی رفتار سے ہوائیں چل رہی ہیں، جن میں نمی کا تناسب 85 فیصد ہے۔