• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

کراچی: عدالتی احکامات پر عملدرآمد نہ کرنے کا کیس، ایم ڈی واٹر کارپوریشن کے وارنٹِ گرفتاری جاری

سندھ ہائی کورٹ---فائل فوٹو
سندھ ہائی کورٹ---فائل فوٹو 

سندھ ہائی کورٹ نے  عدالتی احکامات پر عمل درآمد نہ کرنے کے کیس میں ایم ڈی واٹر کارپوریشن کے وارنٹِ گرفتاری جاری کر دیے۔

عدالتی احکامات پر عمل درآمد نہ کرنے کے کیس کی جسٹس فیصل آغا نے سماعت کی۔

سندھ ہائی کورٹ کے حکم پر ایڈووکیٹ جنرل سندھ حسن اکبر بھی عدالت میں  پیش ہوئے۔

دورانِ سماعت عدالت نے ایم ڈی واٹر کارپوریشن کے وارنٹِ گرفتاری جاری کر دیے اور متعلقہ ایس ایس پی کو وارنٹِ گرفتاری کی تعمیل کرانے کا حکم دیتے ہوئے آئندہ سماعت پر ایم ڈی واٹر کارپوریشن کی عدالت میں پیشی یقینی بنانے کی ہدایت کر دی۔

عدالت نے کہا کہ ایم ڈی واٹر کارپوریشن کے 1 لاکھ روپے کے قابلِ ضمانت وارنٹ جاری کیے ہیں، ہر کیس میں واٹر کارپوریشن کے افسران کا یہی طریقہ ہے، گزشتہ سماعت پر آبزرو کیا تھا کیسز 4 سال سے زیرِ التواء ہیں، سندھ ہائی کورٹ نے حکومت سندھ اور واٹر کارپوریشن سے وضاحت طلب کی تھی، ان معاملات کو اب تک کیوں حل نہیں کیا گیا۔

متعلقہ ایس ایس پی نے عدالتی حکم پر عمل درآمد سے متعلق رپورٹ پیش کرنے کے لیے مہلت طلب کر لی۔

بعد ازاں سندھ ہائی کورٹ نے مہلت کی درخواست منظور کرتے ہوئے سماعت 16ستمبر تک ملتوی کر دی۔

یاد رہے کہ عدالت میں واٹر کارپوریشن کے خلاف ٹیرف سے متعلق اور واجبات کی عدم ادائیگی کے کیسز دائر ہیں۔

قومی خبریں سے مزید