• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

معیشت صحیح سمت میں آچکی ہے، وفاقی وزیر خزانہ محمد اورنگزیب

وفاقی وزیرِ خزانہ محمد اورنگزیب—فائل فوٹو
وفاقی وزیرِ خزانہ محمد اورنگزیب—فائل فوٹو

وفاقی وزیرِ خزانہ محمد اورنگزیب نے کہا ہے کہ  آئی ایم ایف پروگرام کی منظوری آخری مراحل میں ہے، معیشت صحیح سمت میں آچکی ہے۔

اسلام آباد میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے محمد اورنگزیب نے کہا ہے کہ زرمبادلہ ذخائر بڑھ رہے ہیں، افراط زر کو ہم سنگل ڈیجیٹ میں لے کر آئے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ مہنگائی 9.6 فیصد پر آگئی ہے، پالیسی ریٹ میں بھی بتدریج کمی آرہی ہے، اس وقت چیزیں درست سمت میں جا رہی ہیں۔

محمد اورنگزیب کا کہنا ہے کہ معاشی استحکام ملک کی ترقی کے لیے بہت ضروری ہے، ایف بی آر کے محصولات کو آگے بڑھانا ہے، ہماری کرنسی مستحکم ہو رہی ہے۔

وزیرِ خزانہ نے کہا کہ 43 فیصد سیکٹرز ایک فیصد سے کم ٹیکس دیتے ہیں، ہول سیلرز، ریٹیلرز ، ڈسٹری بیوٹرز سے گزارش ہے کہ قدم آگے بڑھائیں، ہم سے جو ہو سکا وہ سہولت دیں گے۔

ان کا کہنا ہے کہ ایف بی آر کی ویب سائٹ پر فارم موجود ہے، اسے سادہ کر کے آسان کر دیا ہے، محصولات کی بنیاد پر ملک چلتے ہیں، ہول سیلرز ، ریٹیلرز ڈسٹری بیوٹرز ہماری مدد کریں۔

وفاقی وزیر نے کہا کہ صوبوں کی مشاورت سے آگے چلیں گے اور اس پروگرام کو کامیاب بنائیں گے، ملکی معیشت کے لیے تمام اسٹیک ہولدرز کو کردار ادا کرنا ہوگا، تنقید کرنے والے بتائیں انہوں نے ملک کی معیشت میں کتنا حصہ ڈالا۔

قومی خبریں سے مزید