امیر جماعت اسلامی حافظ نعیم الرحمان نے کہا کہحکومت تمام اختیارات مقامی حکومتوں کو منتقل کرنے میں ناکام رہی، پی ٹی آئی اور مسلم لیگ ن 6 سال سے بلدیاتی انتخابات کروانے میں ناکام رہے۔
جماعت اسلامی نے پنجاب حکومت کے بلدیاتی ایکٹ کے خلاف احتجاج کیا۔
راولپنڈی میں دھرنے کے شرکاء سے خطاب حافظ نعیم الرحمان نے کہا کہ پنجاب بھر میں اس کالے قانون کے خلاف تحریک چلائیں گے، مسلم لیگ ن اور پیپلز پارٹی نورا کشتی لڑ رہی ہیں۔
امیر جماعت اسلامی کا مزید کہنا تھا کہ کراچی کے 15 سال میں 3360 ارب روپے بقایا تھے، وفاق سے پیسے ملنے کے باوجود سندھ کے ترقیاتی کاموں پر فنڈ نہیں لگائے گئے۔
انھوں نے کہا پنجاب میں اس وقت ایک کروڑ سے زائد بچے اسکول نہیں جا رہے، حکومت مکمل ناکام ہو چکی، یہ اب ہمارے بچوں کو نہیں پڑھا سکتے، خواتین کی صحت کے معاملے میں ہم بہت سے ممالک سے پیچھے ہیں۔
حافظ نعیم الرحمان نے کہا کہ حکومت صحت، تعلیم اور امن کی فراہمی میں مکمل طور پر ناکام ہو چکی ہے، ہمارا مطالبہ ہے ملک بھر کے اندر با اختیار بلدیاتی نظام بنایا جائے۔
امیر جماعت اسلامی نے کہا ہمارا مطالبہ ہے ڈپٹی کمشنر بلدیاتی انتخابات کے تحت منتخب ہونے والے میئر کے ماتحت ہونا چاہیے، با اختیار بلدیاتی نظام کے تحت نمائندوں کو سامنے لانا ہوگا۔
حافظ نعیم الرحمان نے کہا 15 جنوری کو ملک بھر میں ایک عوامی ریفرنڈم کیا جائے گا، ریفرنڈم کے تحت پورے ملک سے اس قانون اور نظام کے حوالے سے عوامی رائے لی جائے گی۔
انھوں نے کہا اس کالے قانون کے خلاف کراچی سے لے کر خیبر تک ہمارے دھرنے جاری ہیں۔