• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

سندھ اسمبلی: لفظ مہاجر کے استعمال پر ایم کیو ایم کا احتجاج

---فائل فوٹو
---فائل فوٹو 

سندھ اسمبلی کے اجلاس کے دوران صوبے میں غیر قانونی طور پر مقیم تارکینِ وطن کے حوالے سے تحریکِ التواء پیش کی گئی۔

صوبائی اسمبلی میں تحریکِ التواء پیپلز پارٹی کی رکنِ اسمبلی ہیر سوہو نے پیش کی۔

ہیر سوہو نے ایوان میں اظہارِ خیال کرتے ہوئے کہا کہ کسی بھی ملک میں تارکینِ وطن کو رجسٹرڈ ہونا پڑتا ہے، یہ سیریس معاملہ ہے، اس کو سنجیدہ لینا پڑے گا، آپ کو ٹیکس نہیں مل رہا تو آپ سم بلاک کرواتے ہیں، اس معاملے پر بغیر کسی رنگ و نسل کے بات کریں، کچھ چیزیں سوشل میڈیا پر نظر آئیں، ان کی جب مرضی ہوتی ہے تو وہ جھنڈے کی بے حرمتی کرتے ہیں۔

جو چیز کراچی میں ہوتی ہے، وہ پورے سندھ میں ہوتی ہے: محمد دانیال

محمد دانیال نے کہا کہ افغانی باشندے 80ء کی دہائی میں یہاں آئے اور یہاں سیٹل ہوئے، خاص طور پر افغانیوں کا ایشو پورا پاکستان فیس کر رہا ہے، جو چیز کراچی میں ہوتی ہے، وہ پورے سندھ میں ہوتی ہے۔

غیر قانونی آنے والوں کو واپس جانا چاہیے: فوزیہ حمید

فوزیہ حمید نے کہا کہ ہیر سوہو کی تحریک کو سپورٹ کرتی ہوں، غیر قانونی جو اس ملک، اس صوبے میں آیا ہے اس کو واپس جانا چاہیے۔

نادرا غیرقانونی مہاجرین کو شناختی کارڈ جاری کرتا ہے: ماروی راشدی

ماروی راشدی نے کہا کہ نادرا غیرقانونی مہاجرین کو شناختی کارڈ جاری کرتا ہے۔

ماروی راشدی کی تقریر کے دوران اپوزیشن کی جانب سے شور شرابہ کیا گیا۔

جس پر ماروی راشدی نے کہا کہ اپوزیشن کا یہ روز کا معمول بن چکا ہے، ان کو سستی شہرت چاہیے،  مجھے سمجھ نہیں آرہا کہ میں نے کس کی دم پر ہاتھ رکھ دیا؟

لفظ مہاجر کے استعمال پر ایم کیو ایم اراکین کا احتجاج

لفظ مہاجر استعمال کرنے پر ایم کیو ایم کے اراکین کی جانب سے احتجاج کیا گیا۔

 پیپلز پارٹی کی رکن ماروی راشدی نے تقریر جاری رکھتے ہوئے کہا کہ میں نے غیر قانونی مہاجرین کی بات کی تھی، کسی غیر قانونی شخص کو صوبے میں رہنے کی اجازت نہیں ہونی چاہیے، پوری دنیا میں غیر قانونی لوگوں پر سخت پالیسیاں اور قانون بنتے ہیں۔

قومی خبریں سے مزید