• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

جنوبی بھارتی اداکارہ نے ہیما کمیٹی رپورٹ کو ’می ٹو‘ سے بھی بڑا قرار دیدیا

فوٹو: فائل
فوٹو: فائل

ایوارڈ یافتہ جنوبی بھارتی اداکارہ پاروتی تیروموتھو نے ملیالم فلم انڈسٹری میں جنسی زیادتی اور استحصال کے بارے میں ہیما کمیٹی کی رپورٹ کو می ٹو مہم سے بھی بڑا ’تاریخی لمحہ‘ قرار دے دیا۔ 

غیر ملکی خبر رساں ایجنسی سے بات کرتے ہوئے پاروتی کا کہنا تھا کہ رپورٹ کے بعد اداکاراؤں نے آگے بڑھ کر اپنے مبینہ حملہ آوروں کا نام لیا، یہ محض می ٹو کا دوسرا حصہ نہیں بلکہ ایک نظامی ڈھانچے کے خلاف لڑائی ہے جو خواتین کو مسلسل ناکام کر رہا ہے۔

ویمن ان سنیما کلیکٹیو (ڈبلیو سی سی)  کی رکن پاروتی نے کہا ’ایسے میں فلم انڈسٹری میں کام کرنے والی خواتین کو ان مردوں کا شکر گزار ہونا چاہیے جو انہیں کام دے رہے ہیں۔‘

ملیالم فلم انڈسٹری میں جنسی زیادتی کے الزامات نئے نہیں ہیں۔ 2017 میں ’می ٹو تحریک‘ کے بعد بھی ایسے الزامات سامنے آئے تھے، لیکن پاروتی کے مطابق ہیما کمیٹی رپورٹ نے اب اس مسئلے کو ایک بڑے پیمانے پر اُجاگر کیا ہے۔

پاروتی نے خواتین کو پیغام دیا کہ ’یہ آپ کی انڈسٹری ہے، جیسا کہ کسی اور کی ہے۔ آپ اپنے ساتھ ہوئے استحصال پر بولیں تاکہ ہم (خواتین) اپنی جگہ دوبارہ حاصل کر سکیں۔‘

ملیالم فلم انڈسٹری کے بارے میں جسٹس ہیما کمیٹی رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ خواتین اداکاراؤں کو جنسی ہراسانی جیسے خوفناک معاملات کا سامنا کرنا پڑتا ہے۔

اس رپورٹ نے وسیع پیمانے پر خواتین کے خلاف تشدد کے مسئلے پر بحث چھیڑ دی اور ہر گزرتے دن کے ساتھ اداکارائیں اپنے ساتھ پیش آئے واقعے پر لب کشائی کرنے لگی ہیں۔ 

انٹرٹینمنٹ سے مزید