وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ کراچی کے مسائل کا حل حکومت کی اولین ترجیح ہے۔
وزیراعظم سے خالد مقبول صدیقی کی قیادت میں متحدہ قومی موومنٹ (ایم کیو ایم) پاکستان کے وفد نے ملاقات کی۔
وفد نے مہنگائی کی شرح سنگل ڈیجٹ پر آنے پر وزیرِاعظم کو خراج تحسین پیش کیا۔ وفد نے وزیراعظم کی کاروبار دوست پالیسیوں اور برآمدی صنعت کی ترقی کےلیے اقدامات کو بھی سراہا۔
وفد نے معیشت کی ترقی اور کراچی کے لوگوں کی خوشحالی کےلیے تجاویز پیش کیں۔ وفد میں اراکین قومی اسمبلی فاروق ستار، مصطفیٰ کمال اور امین الحق شامل تھے۔
اس موقع پر وزیراعظم شہباز شریف نے کہا کہ ایم کیو ایم پاکستان حکومت کی انتہائی اہم اتحادی جماعت ہے، اتحادی جماعتوں کے تعاون سے ملکی ترقی کا کام تیزی سے جاری ہے۔
انکا کہنا تھا کہ کراچی ملک کا اہم ترین شہر اور ملکی معیشت میں ریڑھ کی ہڈی کی حیثیت رکھتا ہے، اس شہر کے مسائل کا حل حکومت کی اولین ترجیح ہے۔
اس ملاقات سندھ بالخصوص کراچی اور دیگر شہری علاقوں کے مسائل پر گفتگو ہوئی۔
ملاقات میں نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ اسحاق ڈار، وزیر قانون اعظم نذیر تارڑ شریک ہوئے۔ اس میں وزیراعظم کے مشیر سیاسی امور رانا ثناءاللّٰہ بھی موجود تھے۔