پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے رہنما اسد قیصر نے کہا ہے کہ 5 بجے ہمارے الائنس کی میٹنگ ہے جس میں اختر مینگل صاحب شرکت کریں گے۔
اختر مینگل سے ملاقات کے بعد جیو نیوز سے گفتگو کرتے ہوئے اسد قیصر نے کہا کہ اختر مینگل سے درخواست کی کہ آپ اپنا فیصلہ واپس لے لیں، انہوں نے کہا کہ میں اس پر سوچوں گا اور مشورہ کروں گا۔
انہوں نے کہا کہ اس میٹنگ میں وہ اپنا فیصلہ دیں گے، کوشش کر رہے ہیں کہ بلوچستان پر آل پارٹیز کانفرنس بلائی جائے۔
اسد قیصر کا کہنا ہے کہ معاملہ الائنس ایجنڈے پر رکھیں گے اگر منظور ہوتا ہے تو آل پارٹیز کانفرنس بلائیں گے۔
واضح رہے کہ بلوچستان نیشنل پارٹی (بی این پی) کے سربراہ اختر مینگل سے پاکستان تحریکِ انصاف کے وفد نے ملاقات کی تھی۔
پی ٹی آئی کے وفد میں اسد قیصر، حامد رضا، عمر ایوب، اخونزادہ حسین یوسفزئی، عامر ڈوگر اور رؤف حسن شامل تھے۔
ذرائع کے مطابق تحریکِ انصاف کے وفد نے اختر مینگل کو استعفیٰ واپس لینے کی درخواست کی تھی۔