• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

آئی پی پیز پر عمران خان حکومت نے بڑا موقع جان بوجھ کر ضائع کیا، اویس لغاری


وفاقی وزیر توانائی اویس لغاری نے کہا ہے کہ آئی پی پیز سے متعلق بڑا موقع عمران خان حکومت نے جان بوجھ کر ضائع کیا۔

جیو نیوز کے پروگرام ’آج شاہزیب خانزادہ کے ساتھ‘ میں گفتگو کے دوران اویس لغاری نے کہا کہ بانی پی ٹی آئی کی کابینہ نے 2019ء کی محمد علی رپورٹ کے بعد آئی پی پیز کو ریلیف دیا تھا۔

انہوں نے مزید کہا کہ پی ٹی آئی کی حکومت نے بہت بڑا موقع شاید جان بوجھ کر ضائع کیا، آج کل کے حالات آئی پی پیز، عوام اور ملک کےلیے اچھے نہیں۔

وفاقی وزیر نے یہ بھی کہا کہ مستقل بنیادوں پر عوام کو ریلیف دینے کی کوشش جاری ہے، آئی پی پیز سے متعلق بھی تفصیل سے کام پایہ تکمیل پر پہنچ چکا۔

اُن کا کہنا تھا کہ آئی پی پیز سے مذاکرات سے صارفین کو 250 سے 600 ارب تک کا ریلیف مل سکتا ہے، آئی پی پیز کے معاملات میں جلد قوم کو خوشخبری سننے کو مل سکتی ہے۔

اویس لغاری نے کہا کہ ہم سابق وزیر محمد علی کی رپورٹ کو دوسرے مرحلے تک لے گئے ہیں، قیمتیں کم کرنے کے مختلف طریقے موجود ہیں۔

انہوں نے کہا کہ جتنے بھی پلانٹس لگائے گئے ان سب سے بات چیت جاری ہے، نقصانات دور کرنے کےلیے پرائیویٹائزیشن کے سوا کوئی حل نہیں جس کی طرف ہم تیزی سے جارہے ہیں۔

وفاقی وزیر نے کہا کہ 18گھنٹے کی لوڈشیڈنگ وہاں ہے جہاں لوگ بجلی کنڈے کے ذریعے استعمال کرتے ہیں، کے پی میں لوگ گرڈ اسٹیشن میں زبردستی گھس رہے ہیں۔

اس موقع پر وفاقی وزیر توانائی نے بجلی کی لوڈشیڈنگ پر حکومتی اتحادی جماعت پی پی پی کی رہنما آصفہ بھٹو کی تنقید کا بھی جواب دیا۔

قومی خبریں سے مزید