• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

بھارتی نژاد آئرش کرکٹر زندگی اور موت کی کشمکش میں مبتلا

فوٹو: فائل
فوٹو: فائل

بھارتی نژاد آئرش کرکٹر سیمی سنگھ اس وقت بھارت میں زندگی اور موت کی جنگ لڑ رہے ہیں۔ 

آئرلینڈ کےلیے 35 ون ڈے اور 53 ٹی ٹوئنٹی میچز کھیلنے والے سیمی سنگھ  کا جگر ناکارہ ہوگیا ہے جس کی وجہ سے وہ زندگی اور موت کی کشمکش میں مبتلا ہیں۔

بھارتی میڈیا کی رپورٹ کے مطابق سیمی سنگھ گروگرام کے ایک اسپتال کے آئی سی یو میں زیر علاج ہیں اور جگر کی پیوندکاری کے منتظر ہیں۔

آئرش کرکٹر کے سسر پرویندر سنگھ نے بھارتی میڈیا کو بتایا کہ سیمی کو کچھ ماہ قبل ڈبلن میں ایک عجیب بخار ہوا تھا، جو بار بار آتا اور جاتا رہا۔ جب بیماری کا پتا نہ چل سکا تو ان کا علاج بھارت میں کروانے کا فیصلہ کیا گیا۔

انہوں نے مزید کہا کہ جون کے آخر میں سیمی کو موہالی لایا گیا لیکن تشخیص میں تاخیر اور صحت مزید بگڑنے کی وجہ سے انہیں پی جی آئی، چندی گڑھ میں داخل کروایا گیا جہاں جگر کے فیل ہونے کی تشخیص ہوئی۔

رپورٹس کے مطابق سیمی سنگھ کی اہلیہ اگمدیپ کور نے اپنے جگر کا ایک حصہ عطیہ کرنے کی رضامندی ظاہر کی ہے اور جلد ہی پیوندکاری متوقع ہے۔

ریاست پنجاب کے شہر موہالی میں پیدا ہونے والے سیمی سنگھ نے پنجاب کی جانب سے انڈر 14 اور انڈر 17 سطح پر کرکٹ کھیلی لیکن وہ انڈر 19 ٹیم میں جگہ نہ بنا سکے۔

انہوں نے ہوٹل مینجمنٹ کی تعلیم حاصل کرنے کےلیے آئرلینڈ کا سفر کیا اور 2006 میں ڈبلن کے مالاہائیڈ کرکٹ کلب میں بطور پروفیشنل کرکٹر شامل ہوئے۔

سیمی نے آئرلینڈ کےلیے نمایاں کارکردگی کا مظاہرہ کیا جس میں 39 ون ڈے اور 44 ٹی 20 وکٹیں شامل ہیں۔

انہوں نے 2021 میں جنوبی افریقہ کے خلاف ون ڈے سنچری بھی بنائی۔

کھیلوں کی خبریں سے مزید