ڈیلس(رپورٹ:راجہ زاہد اختر خانزادہ) پاک پیک کے نیشنل بورڈ ممبر ڈاکٹر راؤ کامران علی کی رہائش گاہ پر کانگریس کے کنزرویٹیو ریپلکن پارٹی کے امیدوار برانڈن گل کے اعزاز میں فنڈ ریزر کا انعقاد کیا گیا، جس میں پاکستانی امریکن کمیونٹی کے اہم رہنماؤں اور مختلف شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والی ممتاز شخصیات نے شرکت کی۔ استقریب کی میزبانی میں ڈاکٹر راؤ کامران علی کے ساتھ ساتھ وکیل صبا احمد اور ماہر نفسیات ڈاکٹر فرقان رضوی نے بھی کلیدی کردار ادا کیا۔ اس موقع پر کانگریس کے امیدوار برانڈن گل نے کہا کہ پاک امریکہ تعلقات بہت اہمیت کے حامل ہیں اور منتخب ہونے کے بعد انکی کوشش ہوگی کہ پاکستان کو امریکہ سے ٹریڈ بڑھانے کے مزید مواقع پیدا کرنے میں وہ مدد کریں۔ انہوں نے امیگریشن سمیت دیگر پالیسیوں کے بارے میں اپنے خیالات کا ا ظہار کیا اور کہا کہ سماجی حوالے سے ہمارے اور آپکے ذہن ایک جیسے ہیں اور وہ پاکستانی کمیونٹی کو قدر کی نگاہ سے دیکھتے ہیں۔