پاکستان تحریکِ انصاف ( پی ٹی آئی) کے جلسے کی وجہ سے اسلام آباد اور راولپنڈی کے متعدد راستے بند کر دیے گئے ہیں۔
اسلام آباد میں میٹرو بس سروسز بشمول ریڈ لائن، گرین لائن، اورنج لائن، بلیو لائن بند ہیں، فیڈر روٹس اور پنک بس سروس بھی بند ہیں۔
اسلام آباد ایکسپریس وے کے دونوں اطراف اور لہتراڑ روڈ سے کھنہ پل پر راستہ بند ہے، ٹیکسلا سے جی ٹی روڈ سنگجانی پوائنٹ پر جی ٹی روڈ دونوں اطراف کی ٹریفک کے لیے بند ہے تاہم ہفتہ وار لگنے والا اتوار بازار معمول کے مطابق کھلا ہے۔
اسلام آباد پہنچنے کے لیے بھارہ کہو کا داخلی راستہ سترہ میل پر بند ہے، موٹر وے ایم 2 اسلام آباد جانے والی سائیڈ بھی بند کر دی گئی ہے۔
اس کے علاوہ ریڈ زون میں آنے جانے کے لیے مارگلہ روڈ کے علاوہ دیگر تمام داخلی اور خارجی راستے بند ہیں، کلرکہار، بلکسر اور نیلا دلہہ انٹرچینج پر بھی رکاوٹیں کھڑی کر دی گئی ہیں۔
موٹروے ایم 2 لاہور جانے والی لین ٹریفک کے لیے کھلی ہے، سری نگر ہائی وے بھی دونوں اطراف سے ٹریفک کے لیے کھلی ہے، اسلام آباد ایئر پورٹ جانے اور واپس آنے کے لیے سری نگر ہائی وے کا راستہ استعمال کیا جا سکتا ہے۔
راولپنڈی ریلوےاسٹیشن سے سری نگر ہائی وے، فقیر ایپی روڈ اور آئی جے پی روڈ سے پشاور روڈ تک جا سکتے ہیں۔
موٹروے ایم 1 اور ایم 2 ٹریفک کے لیے کھلی ہیں، سری نگر ہائی وے سے موٹروے تک راستہ بھی کھلا ہے۔
پولیس کی بھاری نفری موٹر وے اور انٹرچینجز پر تعینات ہے جبکہ سڑکوں کی بندش کی وجہ سے اسلام آباد جانے والے مسافروں کو سفری مشکلات درپیش ہیں۔