پنجاب کے شہر اٹک کی تحصیل حضرو سے پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے جلسے کےلیے کوئی ریلی روانہ نہ ہوسکی۔
حضرو میں رات کو پی ٹی آئی رہنماؤں کی گرفتاری کی افواہ پھیل گئی تھی، جس کے بعد کارکنان و لیڈر شپ منظر عام سے غائب ہوگئی۔
چھچھ انٹرچینج سے موٹروے ایم ون کا داخلی راستہ مکمل کھلا ہوا ہے، پی ٹی آئی ضلع اٹک کے صدر و ایم پی اے قاضی احمد اکبر کا تعلق بھی چھچھ سے ہے۔
اٹک کے ضلعی صدر کے اپنے ہی علاقے سے کوئی بھی ریلی روانہ نہیں ہو سکی۔
یاد رہے کہ اسلام آباد میں پی ٹی آئی کے جلسے کا میدان سج گیا، سنگجانی مویشی منڈی میں قائم جلسہ گاہ میں کارکنوں کی آمد کا سلسلہ جاری ہے، جلسے کے موقع پر اسلام آباد آنے والے اہم راستے 29 مقامات پر بند ہیں۔
راولپنڈی اسلام آباد میٹرو بس، ریڈ لائن، گرین لائن اورنج لائن، بلیو لائن، پنک بس سروس اور فیڈر روٹس بھی بند کر دیے گئے، فیض آباد، کھنہ پُل، روات، ٹی چوک، چُنگی نمبر 26 کے راستے کنٹینرز لگاکر بند کردیے گئے۔
اسلام آباد ایکسپریس وے، مری روڈ، سواں پُل، بھارہ کہو اور ٹیکسلا سے جی ٹی روڈ سنگ جانی پوائنٹ آنے والا راستہ بھی بند ہے، مندرہ چکوال روڈ اور سوہاوہ جہلم روڈ بھی بند کردی گئی ہے۔
راولپنڈی اسلام آباد آنے جانے کے لیے شہری چھوٹے متبادل راستے استعمال کر رہے ہیں، جلسے کے موقع پر اسلام آباد میں بھی سیکیورٹی ہائی الرٹ ہے، صبح سویرے جلسہ گاہ کے قریب تھیلے سے دستی بم برآمد ہوا، پولیس کے مطابق تھیلے میں ڈیٹونیٹر، تار اور دیگر بارودی مواد بھی موجود تھا۔