• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

پی ٹی آئی جلسے کے شرکاء کا پولیس پر پتھراؤ، متعدد اہلکار زخمی


وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) جلسے کے قریب 26 نمبر چونگی پر شرکت کےلیے آنے والے شرکاء اور پولیس کے درمیان تصادم ہوگیا۔

جلسے کے شرکاء نے پتھراؤ کیا تو پولیس کی جانب سے آنسو گیس کی شیلنگ کی گئی، کافی دیر تک پولیس اور کارکنوں کے درمیان جھڑپیں ہوتی رہیں۔

شرکاء کے پتھراؤ سے ایس ایس پی سیف سٹی سمیت متعدد پولیس اہلکار زخمی ہوگئے، پولیس کی مدد کےلیے ایف سی کو بھی طلب کیا گيا۔

پولیس اور ایف سی کی اضافی نفری تعینات ہونے کے بعد کارکن منتشر ہوگئے، پولیس نے بھی شیلنگ روک دی، سنگجانی ٹول پلازہ سے کارکن جلسے میں شرکت کے بغیر واپس روانہ ہوگئے۔

ترجمان اسلام آباد پولیس کا کہنا ہے کہ روٹ کی خلاف ورزی کرکے آنے والے شرکاء نے پولیس پر شدید پتھراؤ کیا، جس سے ایس ایس پی سیف سٹی اور متعدد پولیس اہلکار زخمی ہوگئے۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ ایس ایچ او سنگجانی نے 2 بار جا کر جلسہ منتظمین کو جلسے کا وقت ختم ہونے کا بتایا۔

دی گئی مہلت ختم ہونے کے باوجود پی ٹی آئی کا جلسہ جاری

انتظامیہ کی جانب سے دی گئی مہلت ختم ہونے کے باوجود اسلام آباد کے علاقے سنگجانی میں پی ٹی آئی کا جلسہ جاری رہا۔

انتظامیہ نے جلسہ منتظمین اور شرکاء کے خلاف کارروائی کا حکم دیتے ہوئے جلسہ گاہ فوری خالی کرنے کا کہہ دیا۔

ضلعی انتظامیہ کا کہنا تھا کہ پی ٹی آئی نے این او سی کے قواعد و ضوابط کی خلاف ورزی کی ہے، این او سی کے مطابق جلسہ 7 بجے تک ختم کرنا تھا۔

ڈسٹرکٹ مجسٹریٹ اسلام آباد نے بھی نوٹیفکیشن جاری کرتے ہوئے ہدایت کی ہے کہ جلسہ گاہ فوری خالی کی جائے۔

دوسری جانب اس سے قبل  ڈپٹی کمشنر اسلام آباد عرفان نواز میمن نے کہا کہ پی ٹی آئی کو جاری این او سی کے مطابق جلسے کے اختتام کا وقت شام 7 بجے ہے۔

ڈپٹی کمشنر کا کہنا تھا کہ اختتام کے وقت کے حوالے سے جلسہ منتظمین کو باقاعدہ آگاہ کردیا گیا ہے، این او سی کی خلاف ورزی پر فوری کارروائی کی جائے گی، لائٹیں اور ساؤنڈ سسٹم فوری بند کرنے کا عندیہ دیتے ہوئے قانونی کارروائی کے لیے بھی خبردار کردیا۔

قومی خبریں سے مزید