وفاقی وزیر احسن اقبال نے کہا کہ بانی پی ٹی آئی نے 4 سال مرکز اور پنجاب میں حکومت کی، اسرائیل کہہ رہا ہے کہ بانی پی ٹی آئی ہمارے پاکستان سے تعلقات ٹھیک کرسکتا ہے۔
احسن اقبال نے ان خیالات کا اظہار اپنے آبائی گاؤں فتووال شکرگڑھ میں جلسے سے خطاب کے دوران کیا۔
انہوں نے کہا کہ 20 سال پہلے ڈاکٹر اسرار اور حکیم سعید کی بانی پی ٹی آئی کے بارے میں رائے درست ثابت ہو رہی ہے۔
احسن اقبال کا کہنا تھا کہ بانی پی ٹی آئی کے ذریعے ملک میں انتشار کی سازش ہو رہی ہے۔
وفاقی وزیر نے مزید کہا کہ حکومت سازشوں اور فوج دہشت گردی کے خلاف لڑ رہی ہے، ہم جنگ جیت کر ملک کو دوبارہ ترقی کی راہ پر ڈالیں گے۔
احسن اقبال کا کہنا تھا کہ بانی پی ٹی آئی نے عثمان بزدار اور پرویز الہٰی کو چن کر وزیراعلیٰ لگایا۔ بانی پی ٹی آئی نے 4 سالہ دورِ حکومت میں گالم گلوچ کے سوا کچھ نہ کیا۔
انہوں نے کہا کہ بانی پی ٹی آئی نے 4 سال سیاسی مخالفین کو چور ڈاکو کہنے میں گزار دیے۔ بانی پی ٹی آئی نے مجھے جھوٹے مقدمے میں اڈیالہ جیل میں بند کیا اور لوگوں سے چور اور ڈاکو کے نعرے لگوائے۔
انہوں نے کہا کہ اگر میں بطور ممبر اسمبلی سزائے موت کے قیدی والی چکی میں رہ سکتا ہوں تو بانی پی ٹی آئی کیوں نہیں؟
انکا کہنا تھا کہ کوئی سمجھتا ہے کہ خان کو چکی میں نہیں ہونا چاہیے تو وہ مجھ سے بھی معافی مانگیں۔
احسن اقبال نے کہا کہ بانی پی ٹی آئی کو جو سہنا پڑ رہا ہے وہ انکے کرتوتوں کا صلہ ہے۔ 2018 میں کہا تھا کہ اناڑی کو نہ جانے کس کے کہنے پر مسلط کیا جا رہا ہے۔
انہوں نے یہ بھی کہا کہ بانی پی ٹی آئی نے 24 کروڑ آبادی والے ملک کی معیشت کا بیڑہ غرق کیا۔