• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن
--- جنگ فوٹو
--- جنگ فوٹو

امریکی شہر ہیوسٹن کی فلاحی تنظیم ہیومن ہینڈ فار ریلیف اینڈ ڈیولپمنٹ (ایچ ایچ آر ڈی) نے الائنس فار ڈیزاسٹر ریلیف (اے ایف ڈی آر) اور دیگر کمیونٹی تنظیموں کے تعاون سے فلسطینی عوام کے لیے امدادی سامان کے 2 نئے کنٹینر روانہ کر دیے۔

اس موقع پر ہیوسٹن کمیونٹی کی حمایت سے امدادی سامان جمع کرنے کے لیے تقریب کا اہتمام کیا گیا، جس میں کانگریس مین ال گرین، پاکستان کے قونصل جنرل آفتاب چوہدری اور ٹیکساس کے ریاستی اسمبلی کے نمائندے ڈاکٹر سلیمان لالانی سمیت اہم شخصیات نے شرکت کی۔

تقریب اقوامِ متحدہ کے ’ورلڈ ہیومینیٹیرین ڈے‘ کے موقع پر منعقد کی گئی تھی جس میں 100 سے زائد کمیونٹی رضاکاروں نے حصہ لیا۔

سخت گرمی کے باوجود رضاکاروں نے مل کر 40 فٹ کا کنٹینر ضروری سامان سے بھر کر غزہ کے لیے تیار کیا۔

کمیونٹی کے رہنماؤں میں سعید شیخ اور ڈاکٹر یعقوب شیخ (اے ایف ڈی آر)، سابق ٹیسٹ کرکٹر جلال الدین اور ایچ ایچ آر ڈی کی ٹیم کے دیگر اہم اراکین شامل تھے۔

کانگریس مین ال گرین نے اس موقع پر غزہ میں فوری جنگ بندی، علاقے کی دوبارہ تعمیر اور فلسطین کے قیام کی اپیل کی۔ انہوں نے خطے میں امن لانے کے لیے بین الاقوامی تعاون کی اہمیت پر زور دیا۔

قونصل جنرل آفتاب چوہدری نے رضاکاروں کی لگن کو سراہتے ہوئے کہا کہ پاکستانی عوام فلسطینیوں کی مدد کے لیے ہمیشہ تیار رہیں گے اور دنیا بھر میں مستحق افراد کی مدد کے لیے اپنی کوششیں جاری رکھیں گے۔‏

ایچ ایچ آر ڈی کے تیسرے سالانہ ’ڈے آف سروس‘ کے موقع پر 15 سے زائد کمیونٹی پارٹنر تنظیموں اور میڈیا پارٹنرز، جن میں اے ایف ڈی آر بھی شامل ہے، نے ایک کنٹینر تیار کیا جو پہلے اردن اور پھر غزہ بھیجا جائے گا۔

ہیوسٹن کی کمیونٹی کی بھرپور حمایت کی بدولت، ایچ ایچ آر ڈی اور اے ایف ڈی آر نے غزہ کے متاثرہ لوگوں کے لیے 3 کنٹینرز تیار کرنے کے لیے سامان اکٹھا کیا۔

واضع رہے کہ ’ورلڈ ہیومینیٹیرین ڈے‘ ہر سال ان انسانی کارکنوں کی خدمات کو خراج تحسین پیش کرنے کے لیے منایا جاتا ہے جنہوں نے دوسروں کی خدمت کرتے ہوئے اپنی جانیں قربان کیں اور اس سال ہیوسٹن میں کی جانے والی یہ کوششیں غزہ کے لوگوں کے لیے ہمدردی اور مدد کے عزم کی عکاسی کرتی ہیں۔

بین الاقوامی خبریں سے مزید