وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا علی امین گنڈاپور کی تقریر کےخلاف پارلیمنٹ کی پریس گیلری سےصحافیوں نے واک آؤٹ کیا، جس کے بعد عمر ایوب اور شبلی فراز صحافیوں کو منانے پہنچے۔
صحافیوں کی جانب سے واک آؤٹ کرنے کے بعد اپوزیشن لیڈر عمر ایوب اور بیرسٹر گوہر صحافیوں کو منانے گئے۔
پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے رہنما عمر ایوب نے بھی علی امین گنڈاپور کے ریمارکس پر غیر مشروط معذرت کرلی۔
عمر ایوب نے صحافیوں کو یقین دہانی کروائی کہ علی امین گنڈاپور بھی معافی مانگیں گے، جس کے بعد پارلیمانی رپورٹرز نے بائیکاٹ ختم کر دیا۔
یاد رہے کہ گزشتہ روز اسلام آباد کے سنگجانی کی مویشی منڈی میں ہوئے پی ٹی آئی کے جلسے میں وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا علی امین گنڈاپور نے صحافیوں کے خلاف بیان دیا تھا۔
پی ٹی آئی کے جلسے سے خطاب کرتے ہوئے علی امین گنڈاپور نے کہا تھا کہ عوام ان صحافیوں کو پہچانیں جو قلم بیچ رہے ہیں۔