بھارتی ریاست گجرات میں سیلاب کے باعث میاں بیوی کئی گھنٹے گاڑی کی چھت پر بیٹھے رہے۔
میڈیا رپورٹ کے مطابق گجرات کے ضلع سابرمتی میں ایک جوڑے کو چار گھنٹے تک سیلابی دریا میں پھنسے رہنے کے بعد بحفاظت نکال لیا گیا۔
یہ واقعہ کادیادرا اور وادی ویئر کے دیہاتوں کے درمیان کارول دریا میں پیش آیا، جہاں سریش اور نینا کی گاڑی سیلابی پانی کے بہاؤ میں بہہ گئی۔ گاڑی تقریباً ڈیڑھ کلومیٹر تک بہتی رہی اور آخرکار ایک چٹان سے ٹکرا کر رک گئی۔
پانی کی سطح میں مسلسل اضافے کے دوران جوڑا گاڑی کی چھت پر چڑھ گیا۔
مقامی لوگ اور میونسپلٹی کا عملہ فائر بریگیڈ کے ساتھ جوڑے کی مدد کیلئے موقع پر پہنچا اور انہیں 4 گھنٹے بعد ریسکیو کرلیا گیا۔
فائر فائٹرز نے رسوں کی مدد سے سیلاب میں پھنسے میاں بیوی تک پہنچ کر انہیں بحفاظت باہر نکالا۔
اس موقع پر جوڑے نے بروقت مدد پر شکر ادا کیا اور سیلاب سے متاثرہ علاقوں کےلیے بہتر وارننگ سسٹمز کی ضرورت پر زور دیا۔
دوسری جانب بھارتی ریاست میں حالیہ سیلاب اور اس سے ہونے والی تباہی سے ہزاروں لوگ بے گھر ہو چکے ہیں، جس کے بعد مزدور یونینوں نے مشترکہ طور پر گجرات حکومت سے معاوضے کی اپیل کی ہے۔
سیلاب کی وجہ سے شہر میں کئی مکانات زیر آب آ گئے ہیں۔