اسلام آباد (ایوب ناصر، خصوصی نامہ نگار) راولپنڈی اسلام آباد کی صحافتی تنظیموں نے خبردار کیا ہے کہ پی ٹی آئی اگلے 24 گھنٹے کے دوران اپنا موقف واضح نہیں کرتی تو علی امین گنڈاپور کے بیان کو تحریک انصاف کا آفیشل بیان سمجھا جائے گا اور ملک بھر میں صحافی راست اقدام کریں گے، جس کی روشنی میں پی ٹی آئی کی کوریج کے ملک گیر بائیکاٹ سمیت قانونی اور دیگر آپشنز استعمال کئے جائیں گے۔ راولپنڈی اسلام آباد یونین آف جرنلسٹ کی کال پر نیشنل پریس کلب، پارلیمانی رپورٹرز ایسوسی ایشن، سپریم کورٹ رپورٹرز ایسوسی ایشن، پی ٹی آئی بیٹ رپورٹرز ایسوسی ایشن، ینگ رپورٹرز فورم اور اڈیالہ جیل میں عمران خان کی کوریج پر معمور رپورٹرز کی قیادت نے پارلیمنٹ ہائوس میں ایک مشاورتی اجلاس میں شرکت کی۔