جیکب آباد کے علاقے گوٹھ اللّٰہ بخش جکھرانی میں خاتون پولیو ورکر سے پیش آنے والے واقعے کا مقدمہ درج کر لیا گیا۔
پولیس کے مطابق تھانہ مولا داد میں متاثرہ پولیو ورکر خاتون کی مدعیت میں لوٹ مار کا مقدمہ درج کیا گیا ہے، مقدمے میں ملزم احمد جکھرانی کو نامزد کیا گیا ہے۔
مقدمے کے متن میں لکھا ہے کہ پولیو مہم کے دوران ملزم نے اسلحے کے زور پر لوٹ مار کی، جنسی زیادتی اور ہراساں نہیں کیا گیا۔
پولیس نے بتایا کہ متاثرہ خاتون کو پولیس کی نگرانی میں سیف ہاؤس منتقل کر دیا گیا ہے اور نامزد ملزم کی گرفتاری کے لیے چھاپے مارے جا رہے ہیں۔
ڈی ایچ او ڈاکٹر ارشاد سرکی نے بتایا کہ خاتون پولیو ورکر کی میڈیکل رپورٹ آنے میں 2 سے 3 دن لگ سکتے ہیں،
ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج نے واقعے کی رپورٹ طلب کرلی، سیشن جج کا 13 ستمبر کو ایس ایس پی، ڈی ایچ او اور ایس ایچ او کو پیش ہونے کا حکم دے دیا۔
ایس ایچ او کو ایف آئی آر اور میڈیکل رپورٹ جمع کرنے کا حکم بھی دیا گیا ہے۔