گورنر خیبر پختونخوا فیصل کریم کنڈی نے کہا ہے کہ وزیر اعلیٰ کے پی علی امین گنڈاپور سب کو چکما دے کر خود گاڑی چلا کر نکلے، ان کی کہانی فلمی ہوسکتی ہے، حقیقت سے اس کا تعلق نہیں۔
گورنر خیبر پختونخوا فیصل کریم کنڈی نے وزیر اعلیٰ علی امین گنڈاپور کے 8 گھنٹے تک پارٹی سے کوئی رابطہ نہ ہونے کو ڈرامے بازی قرار دے دیا۔
جیو نیوز سے گفتگو کرتے ہوئے گورنر خیبر پختونخوا نے کہا کہ جب کوئی وزیر اعلیٰ کہیں نکلتا ہے تو اس کی سیکیورٹی ساتھ ہوتی ہے۔
انہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی کی حکومت امن و امان قائم کرنے میں ناکام ہے۔ جنوبی اضلاع دہشتگردوں کے ہاتھوں میں ہیں۔ پولیس تین دن سے ہائی ویز بلاک کرکے بیٹھی ہے۔
فیصل کریم کنڈی نے کہا کہ وزیر اعلیٰ کے علاقے میں ججوں پر فائرنگ اور انہیں اغواء کیا جاتا ہے۔ صوبائی حکومت سنجیدگی کا مظاہرہ نہیں کر رہی ہے۔ صوبے میں گورنر راج لگا کر سیاسی یتیموں کو سیاسی شہید نہیں بنائیں گے۔
انہوں نے کہا کہ بانی پی ٹی آئی کی کوشش ہے وہ کسی طرح آرمی چیف سے معافی مانگیں۔ اگر وہ اسٹیبلشمنٹ سے بات کرنا چاہتے ہیں تو پھر ان کے ٹرائل بھی برداشت کریں۔