بالی ووڈ کے معروف کامیڈین جونی لیور نے اپنے ایک انٹرویو میں بتایا ہے کہ وہ پاکستان کس سے ملنے آنا چاہتے ہیں۔
ان کا کہنا ہے کہ پاکستانی مرحوم کامیڈین عمر شریف کے اہلِ خانہ سے ملاقات کے لیے پاکستان آنا چاہتا ہوں۔
حال ہی میں جونی لیور نے مختلف پاکستانی صحافیوں کو لندن میں انٹرویو دیا اور بتایا کہ ان دنوں بالی ووڈ کی مشہور فلم ’ہاؤس فل 5‘ کی شوٹنگ کے سلسلے میں لندن میں موجود ہوں۔
انہوں نے اپنے نئے پروجیکٹ پر بات کرتے ہوئے کہا کہ فلم ’ہاؤس فل 5‘ کی شوٹنگ لندن اور اسپین میں ہو گی۔
دورانِ انٹرویو ایک سوال کا جواب دیتے ہوئے انہوں نے خود کو پاکستانی کامیڈینز خاص طور سے معین اختر، عمر شریف اور امان اللّٰہ کا مداح قرار دیا اور بتایا کہ کئی پاکستانی فنکاروں کے ساتھ آج بھی بہت اچھے تعلقات ہیں۔
انہوں نے پاکستانی فنکاروں کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ میں محمد علی، ندیم بیگ اور شبنم کا بھی بہت بڑا مداح ہوں جبکہ کرکٹ میں عمران خان اور ظہیر عباس بے حد پسند ہیں۔
انہوں نے بتایا کہ مرحوم کامیڈین عمر شریف کے بیٹے سے اب تک رابطے میں ہوں اور ان کے اہلِ خانہ سے ملاقات کے لیے پاکستان آنا چاہتا ہوں جبکہ لاہور اور کراچی دیکھنے کی بھی خواہش ہے۔
جونی لیور نے پاکستان میں موجود اپنے فینز کی محبت کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ میرے پاس الفاظ نہیں ہیں، بس آپ سب کی محبت کا شکریہ ادا کر سکتا ہوں۔