معروف پاکستانی اداکار شہود علوی نے انکشاف کیا ہے کہ ڈرامہ ’گھسی پٹی محبت‘ میں اداکارہ رمشا خان کے مقابل ہیرو کا کردار ادا کرتے ہوئے شدید شرمندگی کا سامنا کرنا پڑا۔
شہود علوی حال ہی میں اداکارہ اشنا شاہ کے شو میں بطور مہمان شریک ہوئے، جہاں انہوں نے اپنے کیریئر، کرداروں کے انتخاب اور اس تجربے پر کھل کر گفتگو کی۔
گفتگو کے دوران شہود علوی نے بتایا کہ میں نے اپنی مرضی سے والد کے کردار ادا کرنا شروع کیا کیونکہ ایک ڈرامے میں کم عمر اداکارہ کے ساتھ رومانوی کردار ادا کرنے کے بعد مجھے احساس ہوا کہ یہ کردار میری عمر کے مطابق نہیں تھا۔
انہوں نے کہا کہ تقریباً 7 سال قبل ڈرامہ گھسی پٹی محبت میں رمشا خان کو میرے مقابل رومانوی کردار کے لیے کاسٹ کیا گیا تھا جبکہ رمشا خان کی عمر میری بیٹی کے برابر ہے، جس پر شدید شرمندگی محسوس ہوئی۔
شہود علوی کے مطابق میں نے ہدایتکار سے درخواست کی کہ میں اس قسم کا کردار ادا نہیں کرنا چاہتا، کیونکہ اگر مداح مجھے نوجوان لڑکی کے ساتھ رومانوی کردار میں دیکھیں گے تو سوال اٹھائیں گے کہ میں اپنی عمر کے مطابق کردار کیوں نہیں کر رہا۔
انہوں نے بتایا کہ ابتدا میں اس کردار سے انکار کر دیا تھا، تاہم بعد میں کہانی میں تبدیلی کی گئی اور میرے کردار کو ایک شادی شدہ، عمر رسیدہ مگر فلرٹی مرد میں بدل دیا گیا، جو میری عمر کے لیے زیادہ موزوں تھا۔
شہود علوی نے مزید کہا کہ پاکستان میں ایک ہیرو کی اسکرین لائف زیادہ سے زیادہ 20 سال ہوتی ہے اور جو اداکار آج بھی زبردستی ہیرو کے کردار ادا کر رہے ہیں، وہ فطری عمل کے خلاف جا رہے ہیں۔
واضح رہے کہ شہود علوی کا شمار پاکستان کے سینئر اور باصلاحیت اداکاروں میں ہوتا ہے، جنہوں نے متعدد مقبول ڈراموں میں اپنی اداکاری کے جوہر دکھائے ہیں۔