چیئرمین پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) بیرسٹر گوہر نے کہا ہے کہ پاکستان کے 70 فیصد عوام قیدی نمبر 804 کے پیچھے کھڑے ہیں۔ اگر اڈیالہ جیل سے قیدی نے عوام کو باہر نکلنے کا اشارہ دے دیا تو آپ بنگلادیش کو بھول جائیں گے۔
قومی اسمبلی اجلاس سے خطاب میں بیرسٹر گوہر نے کہا کہ طاقت آنی جانی چیز ہے، یہ پاس ہو تو لوگوں کو زیر نہ کریں۔
اُن کا کہنا تھا کہ میں راجا پرویز اشرف سے پوچھتا ہوں، بتائیں آپ کو وزیراعظم کس نے بنوایا تھا؟ آپ کے دور میں سب سےزیادہ انسانی حقوق کی خلاف ورزیاں ہوئیں، راجا پرویزاشرف باتیں کرتے ہیں، بتائیں کہ شہاب الدین کو کس نے گرفتار کروایا تھا۔
بیرسٹر گوہر نے کہا کہ عمر ایوب 22 سال سے اس ایوان میں ہیں، مجھے اس پر فخر ہے کہ کوئی بتا دے کہ اس کا ایک لفظ بھی کبھی حذف کرایا گیا ہو۔
انہوں نے کہا کہ خواجہ آصف کہتے تھے انہیں آرمی چیف کو کال کرنے کے بعد جتوایا گیا، ورنہ میں ہار جاتا، میں نے خواجہ صاحب سے صرف یہ کہا کہ کمیٹی میں ہم لوگ بیٹھے ہیں۔
پی ٹی آئی چیئرمین نے یہ بھی کہا کہ بل کی منظوری کابینہ اجلاس میں نہیں ہوئی، قومی اسمبلی میں اگر بل پیش ہوا تو قواعد و ضوابط کی خلاف ورزی ہوگی۔