• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

پارلیمان میں خرید و فروخت پھر شروع ہوگئی، حافظ نعیم

امیر جماعت اسلامی پاکستان حافظ نعیم الرحمان نے کہا ہے کہ پارلیمان میں خرید و فروخت کا عمل پھر جاری ہے۔

سیالکوٹ میں جماعت اسلامی کے ممبر سازی کیمپ کی افتتاحی تقریب سے خطاب میں حافظ نعیم الرحمان نے کہا کہ عوام پارلیمنٹ میں جاری کھیل کی مذمت کر رہے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ پارلیمان میں بولیاں لگ رہی ہیں، خرید و فروحت کا عمل ایک بار پھر جاری ہے، یہی لوگ ہیں جو بعد میں پارلیمنٹ کے تقدس کو پامال کرتے ہیں۔

امیر جماعت اسلامی نے مزید کہا کہ پارلیمان میں موجود لوگوں کی اکثریت عوام کی رائے سے منتخب ہی نہیں ہوئی۔ ملک کو امن، جمہوری آزادی، سستی بجلی اور مضبوط معیشت کی ضرورت ہے۔

اُن کا کہنا تھا کہ جو جنگ ہم نے چھیڑی ہے اس جدوجہد کا حصہ بنیں، ہمیں معیشت کی بحالی چاہیے، بجلی سستی چاہیے، جو بجلی بنتی نہیں اس کی قیمت قوم کو ادا کرنا پڑتی ہے۔

حافظ نعیم الرحمان نے یہ بھی کہا کہ مجھے نہیں پتا کہ اجلاس شروع ہوا ہے کہ نہیں، اس وقت اکثریت ان لوگوں پر مشتمل ہے جو فارم 47 کی پیداوار ہیں۔

انہوں نے کہا کہ حکومت کا مسئلہ یہ ہے کہ ججوں کی مدت ملازمت بڑھا کر اپنے مقاصد حاصل کیے جائیں۔

امیر جماعت اسلامی نے کہا کہ آج سے ڈیڑھ سال پہلے بلدیاتی الیکشن میں دھاندلی ہوئی۔ پی ٹی آئی سے ہم نے الائنس کیا تھا، ان کے لوگ ہمیں چھوڑ گئے۔

ان کا کہنا تھا کہ آئی ایم ایف معاملے میں ن لیگ، پی ٹی آئی، پی پی مل کر ترمیم کرلیتے ہیں۔

پنجاب میں ریلیف سے متعلق بات کرتے ہوئے امیر جماعت اسلامی نے کہا کہ پنجاب میں 2 ماہ کافی نہیں، ہمیں خیرات نہیں چاہیے، مستقل ریلیف چاہیے۔

قومی خبریں سے مزید