پورے دن کے انتظار کے بعد پہلے قومی اسمبلی اور پھر اسکے بعد سینیٹ کا اجلاس بھی کل دوپہر ساڑھے 12 بجے تک ملتوی کردیا گیا۔
اسپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق کی زیر صدارت قومی اسمبلی کا اجلاس کئی بار وقت تبدیل ہونے کے بعد شروع ہوا اور کچھ دیر بعد ہی ملتوی کردیا گیا۔
قومی اسمبلی میں آئینی ترامیم آج پیش نہیں ہو سکیں۔ اسپیکر قومی اسمبلی ایاز صادیق نے کل دوپہر ساڑھے بارہ بجے تک اجلاس ملتوی کردیا۔
قومی اسمبلی میں وقفہ سوالات اور توجہ دلاؤ نوٹس کو معطل کرنے کی تحریک پیش کی گئی۔ وقفہ سوالات اور توجہ دلاؤ نوٹس ملتوی کرنے کی تحریک ایوان نے منظور کرلی
یاد رہے کہ قومی اسمبلی کے اجلاس کا وقت مسلسل آگے بڑھایا جاتا رہا، ابتدائی طور پر اجلاس آج صبح ساڑھے گیارہ بجے شروع کرنے کا وقت رکھا گیا تھا جس میں تین بار اضافہ کیا گيا۔
ادھر قومی اسمبلی کے بعد سینیٹ کا اجلاس بھی کل دوپہر 11 بجے تک ملتوی کردیا گیا۔
سینیٹ اجلاس کے ملتوی کیے جانے کا نوٹیفکیشن بھی جاری کردیا گیا۔
دوسری جانب وزیرِ اعظم شہباز شریف کی زیرِ صدارت آج ہونے والا وفاقی کابینہ کا اجلاس بھی ملتوی کردیا گیا جو کل ہوگا۔
اس سے قبل وفاقی کابینہ کا اجلاس دن 12 بجے پارلیمنٹ ہاؤس میں طلب کیا گیا تھا، جس کے بعد اس کا وقت تبدیل کر کے 3 بجے کردیا گیا تھا۔
ذرائع کے مطابق وفاقی کابینہ کے اجلاس میں آئینی ترامیم کے مسودے کی منظوری دی جائے گی۔