فلسطین کی مزاحمتی تنظیم حماس کے سربراہ یحییٰ سنوار نے حوثی گروپ کو اسرائیل پر کامیاب میزائل حملے پر مبارک باد دی ہے۔
عرب میڈیا رپورٹ کے مطابق یحیٰ سنوار نے حوثی گروپ کے سربراہ عبدالمالک الحوثی کو خط لکھا اور کہا کہ دشمن کے علاقے کے اندر کامیاب حملے پر مبارک باد دیتا ہوں۔
خط میں حماس سربراہ نے کہا کہ میں آپ کو یقین دلاتا ہوں ہماری مزاحمتی تحریک بالکل ٹھیک ہے، ہماری تحریک طویل جنگ کےلیے خود کو تیار کر چکی ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ غزہ، لبنان، عراق، یمن کے مزاحمتی گروپ اسرائیل کے عزائم ناکام بنادیں گے۔
گزشتہ روز یمن کے حوثیوں نے اسرائیل پر میزائل سے حملہ کیا اور اسے حملوں کی شروعات قرار دیا تھا۔
حوثی فوج کے ترجمان نے کہا تھا کہ اسرائیل پر ہائپر سونک میزائل سے حملہ کیا گیا، حوثی حملے کا ہدف اسرائیلی فوجی مرکز تھا۔
حوثی فوج کے ترجمان نے ساتھ ہی دعویٰ کیا تھا کہ اسرائیلی تاریخ میں پہلی بار 20 لاکھ افراد کو پناہ گاہوں کی طرف بھاگنا پڑا۔