امریکا کے شہر لاس اینجلس کے جنگلات میں آگ لگنے کی وجوہات جاننے کے لیے تحقیقات کا آغاز کر دیا گیا۔
غیر ملکی میڈیا کے مطابق فیڈرل بیورو آف الکوحل ٹوبیکو اینڈ فائر آرمز انکوائری کی قیادت کر رہی ہے۔
اے ٹی ایف کے عہدیدار جوز میڈینا کہتے ہیں کہ آگ لگنے کی وجوہات پر ابھی کچھ کہنا قبل از وقت ہو گا، ہم جانتے ہیں کہ ہر کوئی جواب چاہتا ہے، کمیونٹی جواب کا حق رکھتی ہے۔
جوز میڈینا نے کہا ہے کہ اے ٹی ایف مکمل تحقیقات کے بعد ہر سوال کا جواب دے گی، اے ٹی ایف مقامی لا انفورسمنٹ، فارسٹ سروس اور یو ایس اٹارنی کے ساتھ کام کر رہی ہے۔
ان کا کہنا ہے کہ انکوائری کے عمل میں کم از کم 75 افراد حصہ لے رہے ہیں، آگ بھڑکنے کے 2 مقامات کی تلاش کے لیے مختلف شعبوں کے ماہرین کام کر رہے ہیں۔
جوز میڈینا کے مطابق مقامی کمیونٹی اور ممکنہ گواہوں سے انٹرویو کے لیے بھی ٹیم تعینات کی جائے گی۔
یاد رہے کہ امریکا کی ریاست کیلیفورنیا کے شہر لاس اینجلس میں 7 روز پہلے لگنے والی آگ سے ہلاکتوں کی تعداد 24 ہو گئی ہے جبکہ 16 افراد لاپتہ ہیں۔