• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

طیفی بٹ کے بہنوئی جاوید بٹ کے قتل کیلئے کیا معاوضہ طے ہوا؟ تفصیلات سامنے آ گئیں

---فائل فوٹوز
---فائل فوٹوز

لاہور میں تاجر طیفی بٹ کے بہنوئی جاوید بٹ کے قتل کے الزام میں گرفتار شوٹرز سے تفتیش کے دوران مزید انکشافات سامنے آ گئے۔

طیفی بٹ کے بہنوئی جاوید بٹ کے قتل کے ملزمان نے انکشاف کیا ہے کہ جاوید بٹ کو قتل کرنے کے لیے منصوبہ بندی ڈھائی ماہ قبل کی گئی تھی، ملاقات مصعب کے شاہ عالمی میں واقع ڈیرے پر ہوئی تھی۔

پولیس کا کہنا ہے کہ مصعب مقتول بالاج کا چھوٹا بھائی اور ٹیپو ٹرکاں والا کا بیٹا ہے۔

پولیس کے مطابق مصعب سے شوٹرز کی ملاقات قابلِ اعتماد ملازم عارف نے کرائی تھی، ملاقات میں مصعب، عارف، اظہر اور الیاس شامل تھے، جاوید بٹ کو قتل کرنے پر 5، 5 لاکھ روپے اور 5، 5 مرلے کا گھر دینے کا وعدہ کیا گیا تھا۔

پولیس کے مطابق ملزمان نے انکشاف کے دوران بتایا ہے کہ جاوید بٹ کو قتل کرنے سے پہلے ریکی کے لیے رکشے کا استعمال کیا گیا، 15 روز تک جاوید بٹ کے گھر کے باہر گلی میں سواریوں کے انتظار میں کھڑے ہو کر ریکی کی گئی، قتل کے وقت عارف پہلے سے موقع واردات پر بھی موجود تھا۔

پولیس کا کہنا ہے کہ شوٹرز تعاقب کرتے ہوئے کینال روڈ پر پہنچے، سگنل پر گاڑی کھڑی ہوتے ہی فائرنگ کر دی، 2 ستمبر کو جاوید بٹ کے قتل سے قبل 28 اگست کو مصعب دبئی فرار ہو گیا تھا، دونوں شوٹرز الیاس اور اظہر کچھ مقدمات میں ریکارڈ یافتہ ہیں۔

قومی خبریں سے مزید