پشاور میں وزیرِ اعلیٰ خیبر پختون خوا سہیل آفریدی سے پی ٹی آئی کی قیادت نے ملاقات کی، جس میں بانیٔ پی ٹی آئی سے ملاقات کے بعد کابینہ تشکیل دینے پر اتفاق کیا گیا۔
ملاقات میں بیرسٹر گوہر، اسد قیصر، جنید اکبر، شہرام ترکئی اور عاطف خان موجود تھے۔
ملاقات میں ہنگو میں شہید پولیس اہلکاروں کے لیے فاتحہ خوانی کی گئی جبکہ صوبے میں دہشت گردی اور امن و امان کی صورتِ حال بھی زیرِ غور آئی۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ ملاقات میں بانیٔ پی ٹی آئی عمران خان سے ملاقات کے بعد کابینہ تشکیل دینے پر اتفاق کیا گیا۔
ذرائع نے بتایا ہے کہ پارٹی رہنماؤں نے کہا کہ بانیٔ پی ٹی آئی کی رائے کے بغیر کابینہ بنانے سے مسائل ہوسکتے ہیں۔
اس حوالے سے چیئرمین تحریکِ انصاف بیرسٹر گوہر نے ’جیو نیوز‘ سے گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ وزیرِ علیٰ سے ملاقات 2 گھنٹے سے زائد جاری رہی۔
انہوں نے یہ بھی کہا کہ ملاقات میں صوبے میں دہشت گردی، سیاسی صورتِ حال اور بانیٔ پی ٹی آئی کی رہائی کے لیے مختلف آپشنز پر غور کیا گیا۔