پاکستان شوبز انڈسٹری کی معروف سینیئر اداکارہ نادیہ افگن کا کہنا ہے کہ ہمارے معاشرے میں ذہنی تناؤ یا مسائل کے حوالے سے بات کرنے کو معیوب سمجھا جاتا ہے، اس رویے کو ختم کرنے اور ایک دوسرے کو سپورٹ کرنے کی ضرورت ہے۔
حال ہی میں اداکارہ نے فوٹو اینڈ ویڈیو شیئرنگ پلیٹ فارم انسٹاگرام پر ایک ویڈیو شیئر کرتے ہوئے ذہنی مسائل کا شکار افراد کی دیکھ بھال سے متعلق اہم پیغام شیئر کیا ہے۔
انہوں نے اپنے پیغام کے آغاز میں بتایا ہے کہ ستمبر کا مہینہ خودکشی سے بچاؤ کی آتدابیر و آگاہی کا عالمی مہینہ ہے، اسی مناسبت سے اپنے ارد گرد ڈپریشن، اضطراب اور ذہنی مسائل کے شکار افراد کا خاص خیال رکھیں اور ان کی مدد کریں۔
انہوں نے زور دیتے ہوئے کہا کہ ہمیں اپنے ارد گرد نظر رکھنی چاہیے کہ ہمارے آس پاس موجود افراد اگر ذہنی مسائل سے دو چار ہیں تو ہم ان کی باتیں سنیں اور ان کے مسائل کو حل کرنے کی کوشش کریں۔
اداکارہ کے مطابق ذہنی صحت آج ہر ایک کا مسئلہ ہے اور بلواسطہ یا بلاواسطہ ہم سب کی ذہنی صحت متاثر ہو رہی ہے، اس لیے ایسے مسائل کو سمجھنے اور ایک دوسرے کا سہارا بننے کی ضرورت ہے۔
نادیہ اگفن نے یہ بھی کہا کہ ایسے افراد جو ذہنی مسائل کا شکار ہیں ان کے لیے ضروری ہے کہ اپنے مسائل سے اکیلے لڑنے کی بجائے کسی کی مدد طلب کریں خاص طور سے بلا جھجک کسی ماہر سے مدد حاصل کریں کیونکہ یہ آپ کے اور آپ کے پیاروں کی زندگی کے لیے بہت اہم ہے۔